فیصل آباد، پنجاب میں بچوں کے حقوق کی صورت حال پر کانفرنس پر وین شاکر کمپلیکس میںانعقاد

پیر 18 دسمبر 2017 22:06

فیصل آباد ۔18 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 دسمبر2017ء) چائلڈ رائٹس موومنٹ کے زیر اہتمام پنجاب میں بچوں کے حقوق کی صورت حال پر ایک روزہ کانفرنس پر وین شاکر کمپلیکس میں منعقد ہوئی جس کی صدارت بیگم خالدہ منصور ایم این اے نے کی جبکہ مہمانانِ خصوصی محمد رزاق ملک میئر فیصل آباد ،محمد اقبال ظفر وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی فیصل آباد تھے جبکہ مہمانِ اعزاز سجاد احمد چیمہ رہنما حقوق اطفال تحریک تھے۔

میئر فیصل آباد محمد رزاق ملک نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم بچوں کے حقوق کی جدوجہد کا بھرپور ساتھ دیں گے بچوں کے حقوق کی آگاہی کیلئے میونسپل کارپوریشن اپنے وسائل بروئے کار لائے گی۔ بچے جو ہمارا آج بھی ہیں اور کل کو انہوں نے ہی اس ملک کی قیادت سنبھالنی ہے ان کو اچھا ماحول فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہو گی۔

(جاری ہے)

بچوں کے حقوق پر کام کرنے والے خراج تحسین کے مستحق ہیں میرے دروازے ان کیلئے ہر وقت کھلے ہیں ان کو میری کہیں بھی ضرورت ہو بچوں کے حقوق کیلئے میری اور ادارے کی خدمات حاضر ہیں۔

وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی فیصل آبادمحمد اقبال ظفر نے اپنے خطاب میں کہا کہ تعلیم ہر بچے کا بنیادی حق ہے جو کہ ہر بچے کو بلا تفریق رنگ و نسل، مذہب ملنا چاہئے مناسب خوراک ہر بچے کی بنیادی ضرورت ہے جو کہ اٴْس کی نشونما کے لئے انتہائی ضروری ہے انہوں نے کہا کہ چائلڈ لیبر غربت کی وجہ سے بڑھتی ہوئی آبادی کے سبب ہے ہمیں بڑھتی ہوئی آبادی کوقابو میں لانا ہو گا ممبر قومی اسمبلی بیگم خالدہ منصور نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ حکومت تمام بچوں کو مساوی حقوق دینے کیلئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے قومی اسمبلی میں بچوں کے حقوق کے متعلق بنائے جانے والے کمیشن کے بِل کو پاس کرنا اس حکومت کا اہم کارنامہ ہے وزیر اعلیٰ پنجاب بھی بچوں کے حقوق کیلئے عملی اقدامات اٹھا رہے ہیں جیسا کہ بھٹوں پے کام کرنے والے مزدور بچوں کو قانون سازی کر کے تعلیم کی طرف راغب کرنا ، چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفئر بیورو کے ذریعے بچوں کو تحفظ اور سکالرشپ کے ذریعے بچوں کی حوصلہ افزائی ان کے بہترین اقدامات ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ گھریلو بچہ مزدوری کے خاتمے کیلئے ہر فرد اپنا کردار ادا کرے اور کم عمری کے شادی کے قانون کو مزید موثر بنانے کی ضرورت ہے سابق ریذیڈنٹ ڈائریکٹر فیصل آباد آرٹس کونسل طارق جاوید نے کہا کہ ریاست اور معاشرے کو بچے کے حقو کے متعلق اپنی ذمہ داریاں پوری کرنی چاہیں۔رہنما حقوق اطفال تحریک سجاد احمد چیمہ نے کہا کہ بچوں کے حقوق کے متعلق قوانین کی عوام میں آگاہی کی اشد ضرورت ہے اور ریاست پر یہ ذمّہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ ان پر پوری طرح قوانین کی روح کے مطابق عمل درآمد کے تا کہ کوئی بھی بچہ اس معاشرے میں تشدّد کا شکار نہ ہو ہم بچوں کو ان کے حقوق فراہم کر کے ہی عالمی برادری میں اپنا مقام پیدا کر سکتے ہیں فرزانہ چوہدری چیئر پرسن حقوق تحفظ اطفال کمیٹی میونسپل کارپوریشن نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ بچوں کے حقوق کے متعلق آگاہی یونین کونسل کی سطح پر دی جائے ہر یونین کونسل کے دفتر میں بچوں کے حقوق کے متعلق بورڈز آویزاں کیئے جائیں۔

انسانی حقوق تحریک کی رہنما نازیہ سردار نے کہا کہ معاشرے کے پسماندہ طبقات کی بہتری کیلئے ہم سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا خاص طور پر معذور بچوں کے حقوق کو ترجیح دینا ہو گی ۔ بچوں کے متعلق بننے والے تمام قوانین میں عمر کے تعین کو بچوں کے حقوق کے عالمی معاہدے کی روشنی میں ہم آہنگ کرنا ہو گا ۔ کوآرڈینیٹر چائلڈرائٹس موومنٹ ندا مقبول نے بچوں کو درپیش مسائل ، چیلنجز اور ان پر ہونے والے مختلف اقسام کے تشدد کی روک تھام اور تدارک کیلئے ریاستی مشینری کو اپنا کردار احسن طریقے سے ادا کرنا ہو گا ۔

گرل گائیڈ کی ڈسٹرکٹ ٹرینیر آمنہ احسان کی رہنمائی میں گرل گائیڈ کی ممبران نے بچوں کے حقوق پر ایک خوبصورت خاکہ پیش کیا ۔پروفیسر انجم جیمز پال میں تمام شرکاء اور مہمانانِ گرامی کا شکریہ ادا کیا کانفرنس میں چیئر مینز یونین کونسلز طارق محمود کمبوہ، عاطف کسانہ، میاں سجاد احمد اور میاں شرافت کے علاوہ مبران میونسپل کارپوریشن زاہدہ بھٹی، رضیہ سلطانہ، مینجر صنعت زار چوہدری محمد سلیم بلندیہ، فیصل آباد ڈویژن بھر سے سماجی تنظیموں کے نمائندگان، تعلیمی اداروں کے سربراہان اور اساتذہ ، صحافیوں اور طلبہ وطالبات نے بھرپور شرکت کی ۔

متعلقہ عنوان :