آفات کے دوران بچوں کو درپیش خطرات کے تدارک کے سلسلے میں معاونت جاری رکھنے کے لیے این ڈی ایم اے اوریونیسف کے مابین ورک پلان برائے 2018-19 تیار، دستخط کردیئے گئے

پیر 18 دسمبر 2017 22:04

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 دسمبر2017ء)نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم ای)اوریونیسیف کے مابین پیر کے روز مشترکہ لائحہ عمل برائے سال 2018-19 دستخط کیا گیا ۔ چئیرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل عمر محمود حیات اور یونیسف کی قائم مقام نمائندہ کرس مینڈویٹ نے ورک پلان پر دستخط کیئے ۔ ورک پلان کے تحت آفات کے دوران بچوں کو درپیش خطرات کو کم کرنے، آفات سے نمٹنے کی تیاری اور بروقت بحالی کے لیے اقدامات کیئے جائیں گے ۔

این ڈی ایم اے اور یونیسیف کے مابین 2015 سے اشتراک جاری ہے جس میں دونوں اداروں نے آفات کے دوران بچوں کی حفاظت کو یقینی بنانے اور ان کی فلاح کے لیے خاطر خواہ اقدامات کیئے ہیں ۔ سکول سیفٹی فریم ورک کا قیام اوراس پر عمل درآمد کا پائلٹ پروگرام دونوں اداروں کی مشترکہ اور قابل ذکر کاوش ہے۔

(جاری ہے)

اسی اشتراک کو جاری رکھتے ہوئے 2018-19کا یہ ورک پلان تیار کیا گیا ہے ۔

اس پروگرام کے تحت آفات کے دوران بچوں کی حفاظت کو یقینی بناتے ہوئے کسی بھی قسم کی صورتحال میں بلاتعطل تعلیمی سرگرمیوں کو یقینی بنانے ، بچوں کوتربیت کے ذریعے ہنگامی صورتحال میں بچائو کے لیے مشقیں کرانے کے علاوہ موسمی تبدیلیوں اور ان کے منفی اثرات سے نمٹنے کے لیے اقدامات کیئے جائیں گے ، اس کے ساتھ ساتھ آفات سے نمٹنے کے لیے تعلیمی اداروں کی صلاحیت کو بڑھانے اور تمام معاون اداروںکو اس سلسلے میں اقدامات کرنے کے لیے بھی راہنمائی فراہم کی جائے گی ۔

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے چئیرمین این ڈی ایم اے نے کہا کہ ورک پلان برائی2018-19 بچوں کو درپیش خطرات کے تدارک میں این ڈی ایم اے کے لیے مددگار ثابت ہو گا اور پالیسی سازی میں بچوں کے مسائل کو ترجیحات میں شامل رکھا جائے گا۔ یونیسیف کی قائم مقام نمائندہ کرس مینڈویٹ نے کہا کہ دونوں اداروں نے گزشتہ سالوں میں باہمی تعاون کے ذریعے شاندار نتائج حاصل کیے ہیں اور یونیسف اپنے معاون اداروں کے ساتھ ملکر بچوں کے تحفظ اور ترقی کے لیے اقدامات کر رہا ہے اس سلسلے میں این ڈی ایم اے کے ساتھ مکمل تعاون جاری رہے گا۔