پاکستان کے عوام اور سب کو بتانا چاہتا ہوں الیکشن وقت پر ہوں گے،ملک میں جمہوریت چلتی رہے گی، ڈی لمیٹیشن کا قانون جلد پاس ہو جائے گا

وفاقی وزیر جہاز رانی وبندرگاہ میرحاصل بزنجو کا فیڈریشن چیمبر آف کامرس ایند انڈسٹری میں خطاب

پیر 18 دسمبر 2017 22:04

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 دسمبر2017ء) وفاقی وزیر جہاز رانی وبندرگاہ میرحاصل بزنجو نے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام اور سب کو بتانا چاہتا ہوں الیکشن وقت پر ہوں گے، ملک میں جمہوریت چلتی رہے گی، ڈی لمیٹیشن کا قانون جلد پاس ہو جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو فیڈریشن چیمبر آف کامرس ایند انڈسٹری میں کاروباری برادری سے خطاب کے دوران کیا۔

اس موقع پر چیئرمین گوادر پورٹ اتھارٹی دوستین جمالدینی ،ایف پی سی سی آئی کے صدر زبیرطفیل،فیڈریشن کی پورٹ وشپنگ کمیٹی کے چیئرمین طارق حلیم،وحیداحمد، اور دیگر بھی موجود تھے۔ وفاقی وزیر جہاز رانی وبندرگاہ نے کہا ہے کہ پی این ایس سی کوئی فیری سروس نہیں چلائے گی، نجی شعبہ چاہے فیری ایران لے جائے یا افریقہ،کے پی ٹی کے چارجز کم کرنے کیلئے غور کریں گے۔

(جاری ہے)

حاصل بزنجونے اعلان کیا کہ چند دنوں میں ایلیویٹڈ ایکسپریس وے کاٹینڈر ہو گا،دو سال بعد ایلیویٹڈ ایکسپریس وے سفر کیلئے تیار ہوگا، ایلیویٹڈ ایکسپریس وے بندرگاہ کے اطراف ٹریفک دباؤ کم کریگا۔ چیئرمین گوادر پورٹ اتھارٹی دوستین جمالدینی نے کہا ہے کہ گوادر پورٹ نیول بیس نہیں بنے گا،گوادر بندرگاہ کمرشل اور کاروباری مرکز ہوگا۔ صدر ایف پی سی سی آئی زبیرطفیل نے کہا کہ کے پی کے اور پنجاب کے تاجر گوادر پورٹ سے مال منگوائیں،افغان ٹرانزٹ کا کارگو بھی گوادر بندرگاہ سے جانا چاہئے،کراچی پورٹ کے چارجز خطے میں سب سے زیادہ ہیں۔