Live Updates

جمعیتعلمائے اسلام سینئر گروپ نے حلقہ پی پی20کے ضمنی الیکشن میں تحریک انصاف کے امیدوار کی حمایت کا اعلان کر دیا

پیر 18 دسمبر 2017 21:59

چکوال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 دسمبر2017ء) جمیعت علمائے اسلام سینئر گروپ نے حلقہ پی پی20کے ضمنی الیکشن میں پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار کی حمایت کا اعلان کر دیا۔ پیر کی رات کو بیت المرشد میں پیر عبدالرحیم نقشبندی نے راجہ طارق افضل کالس کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ختم نبوت پر نقب لگانے والوں کیساتھ کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا اور مسلم لیگ ن کا ختم نبوت کے حوالے سے گھنائونہ کردار سامنے آچکا ہے۔

اس موقع پر صاحبزادہ محمود الحسن نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ ساڑھے چار سالوں میں مسلم لیگ ن کی حکومت نے عوام کیلئے کچھ نہیں کیا۔ اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف شمالی ریجن کے صدر راجہ عامرکیانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دیگر تمام مذہبی جماعتوںکو بھی اعتماد میں لیا جا رہا ہے اور انشاء اللہ تمام مذہبی جماعتوں کو ساتھ لیکر بدعنوان اور اسلام دشمن حکمرانوں کے تابوت میں آخری کیل ٹھونکیں گے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر شمالی ریجن کے سینئر نائب صدر راجہ یاسر سرفراز، سابق صوبائی وزیر فوزیہ بہرام، علی ناصر بھٹی، ملک شاہد اقبال ایڈووکیٹ، راجہ اطہر جنجوعہ، زعفران کہوٹ، ملک حفیظ انجم ،ملک فدا حسین اور راجہ طارق افضل کالس بھی موجود تھے۔ راجہ طارق افضل کالس نے اس موقع پر پیر عبدالرحیم نقشبندی اور دیگر مذہبی عمائدین کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے پی ٹی آئی کے امیدوار کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ آخر میں پیر عبدالرحیم نقشبندی نے راجہ طارق افضل کالس کی کامیابی کیلئے دعا کروائی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات