چکوال ضمنی انتخابات،تحریک خدام اہلسنت نے چوہدری حیدر سلطان کی حمایت کا اعلان کر دیا

پیر 18 دسمبر 2017 21:59

چکوال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 دسمبر2017ء) تحریک خدام اہلسنت نے مسلم لیگ ن کے نامزد امیدوار چوہدری حیدر سلطان کی حمایت کا اعلان کر دیا۔ پیر کے روز یہاں مدنی مسجد میں تحریک کے مشاورتی اجلاس میں تحریک کے سربراہ قاضی ظہور الحسین اظہر نے حیدر سلطان کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ حیدر سلطان نے ختم نبوت کے حوالے سے انہیں مکمل طورپر یقین دہانی کرا دی ہے لہٰذا تحریک خدام اہلسنت 9جنوری کے ضمنی الیکشن میں چوہدری حیدر سلطان کی حمایت کا اعلان کرتی ہے۔

اس موقع پر رکن قومی اسمبلی میجر طاہر اقبال، ایم پی اے سردار ذوالفقار علی خان دلہہ اور چوہدری حیدر سلطان نے بھی خطاب کیا۔ مسلم لیگی پارلیمنٹرینز نے کہا کہ ختم نبوت ہمارے ہمارے کا بنیادی حصہ ہے اور ہم ختم نبوت کے حوالے سے کسی بھی تبدیلی کے بارے میں سوچ بھی نہیں سکتے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر جسٹس (ر ) مظہر حسین منہاس، چیئرمین بلدیہ چوہدری سجاد احمد خان، چوہدری محمد نواز کنگ، سٹی صدر شیخ شاہد عباسی، ملک خالدنوابی، چیئرمین چوہدری ضمیر خان، چوہدری اعجاز سانگ کلاں، چوہدری مسرت ڈورے، حاجی شوکت رنگ الہٰی، شیخ ریاض فاروقی، شیخ رضوان فاروقی، چیئرمین وروال، عامر عباس بھی موجود تھے۔

قاضی ظہور الحسین نے کہا کہ انشاء اللہ 9جنوری کو حیدر سلطان ریکارڈ لیڈ کیساتھ کامیابی حاصل کریں گے۔ قاضی ظہور الحسین نے اس موقع پر چوہدری حیدر سلطان کی کامیابی کیلئے بھی دعا کرائی۔