فیصل آباد، چائلڈ رائٹس موومنٹ کے زیر اہتمام بچوں کے حقوق پر ایک روزہ کانفرنس کا انعقا د

پیر 18 دسمبر 2017 21:57

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 دسمبر2017ء) چائلڈ رائٹس موومنٹ کے زیر اہتمام پنجاب میں بچوں کے حقوق کی صورت حال پر ایک روزہ کانفرنس پر وین شاکر کمپلیکس میں منعقد ہوئی جس کی صدارت بیگم خالدہ منصور ایم این اے نے کی جبکہ مہمانانِ خصوصی محمد رزاق ملک میئر فیصل آباد ،محمد اقبال ظفر وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی فیصل آباد تھے جبکہ مہمانِ اعزاز سجاد احمد چیمہ رہنما حقوق اطفال تحریک تھے۔

میئر فیصل آباد محمد رزاق ملک نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم بچوں کے حقوق کی جدوجہد کا بھرپور ساتھ دیں گے بچوں کے حقوق کی آگاہی کیلئے میونسپل کارپوریشن اپنے وسائل بروئے کار لائے گی۔ بچے جو ہمارا آج بھی ہیں اور کل کو انہوں نے ہی اس ملک کی قیادت سنبھالنی ہے ان کو اچھا ماحول فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہو گی۔

(جاری ہے)

بچوں کے حقوق پر کام کرنے والے خراج تحسین کے مستحق ہیں میرے دروازے ان کیلئے ہر وقت کھلے ہیں ان کو میری کہیں بھی ضرورت ہو بچوں کے حقوق کیلئے میری اور ادارے کی خدمات حاضر ہیں۔

وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی فیصل آبادمحمد اقبال ظفر نے اپنے خطاب میں کہا کہ تعلیم ہر بچے کا بنیادی حق ہے جو کہ ہر بچے کو بلا تفریق رنگ و نسل، مذہب ملنا چاہئے مناسب خوراک ہر بچے کی بنیادی ضرورت ہے جو کہ اٴْس کی نشونما کے لئے انتہائی ضروری ہے انہوں نے کہا کہ چائلڈ لیبر غربت کی وجہ سے بڑھتی ہوئی آبادی کے سبب ہے ہمیں بڑھتی ہوئی آبادی کوقابو میں لانا ہو گا ممبر قومی اسمبلی بیگم خالدہ منصور نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ حکومت تمام بچوں کو مساوی حقوق دینے کیلئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے قومی اسمبلی میں بچوں کے حقوق کے متعلق بنائے جانے والے کمیشن کے بِل کو پاس کرنا اس حکومت کا اہم کارنامہ ہے وزیر اعلیٰ پنجاب بھی بچوں کے حقوق کیلئے عملی اقدامات اٹھا رہے ہیں جیسا کہ بھٹوں پے کام کرنے والے مزدور بچوں کو قانون سازی کر کے تعلیم کی طرف راغب کرنا ، چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفئر بیورو کے ذریعے بچوں کو تحفظ اور سکالرشپ کے ذریعے بچوں کی حوصلہ افزائی ان کے بہترین اقدامات ہیں