بلوچستان میں شرح خواندگی میں اضافہ کیلئے تعلیمی بجٹ چھ سے بڑھا کر چھبیس فیصد کر دیا گیاہے

سرکاری تعلیمی اداروں کی اپ گریڈیشن کے لئے پانچ ارب روپے مختص کئے گئے ہیں ، حاجی محمد خان لہڑی

پیر 18 دسمبر 2017 21:50

کوئٹہ۔ 18دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 دسمبر2017ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان کے مشیر برائے معدنیات و کانکنی حاجی محمد خان لہڑی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں شرح خواندگی میں اضافے کے لئے موجودہ حکومت نے تعلیمی بجٹ کو چھ بڑھا کر چھبیس فیصد کر دیا ہے سرکاری تعلیمی اداروں کی اپ گریڈیشن کے لئے پانچ ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈیرہ مراد جمالی میں اسٹوڈنٹس ٹیلنٹ ایونٹ میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر انہوں نے پوزیشن لینے والے طالب علموں کے لئے ایک لاکھ روپے کا چیک ای ڈی او، نصیر آباد کے حوالے کیا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حاجی محمد خان لہڑی نے کہا کہ موجودہ مخلوط صوبائی حکومت نے نواب ثناء اللہ خان زہری کی قیادت میں بلوچستان کو امن و ترقی کی راہ پر گامزن کر دیا ہے اور موجودہ حکومت کے دور میں تعلیمی ترقی کے لئے ہونے والے تاریخ ساز اقدامات کی ماضی میں نظیر نہیں ملتی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے رواں مالی سال کے بجٹ میں ایک ارب روپے مختص کئے گئے ہیں اور ہماری خواہش ہے کہ ایک بھی بچہ اسکول سے باہر نہ ہو انہوں نے کہا کہ گزشتہ پانچ سال کے دوران حلقہ انتخاب پی بی انتیس کے ہر گاؤں اور قریہ قریہ میں کم از کم پرائمری اسکول ضرور قائم ہوا ہے اور کوئی علاقہ تعلیم کی سہولت سے یکسر محروم نہیں ہے انہوں نے تعلیمی ایونٹس کے انعقاد پر منتظمین کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے مبارکباد دی۔

متعلقہ عنوان :