کوئٹہ،آل پاکستان واپڈاہائیڈروالیکٹرک ورکرز یونین کے صوبائی چیئرمین محمد رمضان اچکزئی کا گوادر اور خضدار کا تنظیمی دورہ

زونل اور سب ڈویژنل عہدیداروں کے ساتھ میٹنگ کا انعقاد

پیر 18 دسمبر 2017 21:50

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 دسمبر2017ء) آل پاکستان واپڈاہائیڈروالیکٹرک ورکرز یونین(سی بی ای) کے مرکزی جوائنٹ صدروصوبائی چیئرمین محمد رمضان اچکزئی، وائس چیئرمین عبدالباقی لہڑی اور جوائنٹ سیکریٹری محمد یار علیزئی نے تربت، پسنی، گوادر اور خضدار کا تنظیمی دورہ کیا ۔جہاں انہوں نے زونل، ڈویژنل اورسب ڈویژنل عہدیداروں کے ساتھ میٹنگ کا انعقاد کرکے ان پر واضح کیا کہ نااہل حکمران طبقہ واپڈااور اس کی کمپنیوں کو بد انتظامی کا شکار کرکے پی آئی اے، اسٹیل ملز، پی ٹی سی ایل اور دوسرے پبلک سیکٹر کے اداروں کی طرح واپڈا اور اس کے گروپ آف کمپنیز کو بھی اپنے پارٹنر سرمایہ داروں میں فروخت کے منصوبے بنا رہے ہیں۔

ایسے حالات میں واپڈا اور اس کے گروپ آف کمپنیز کے ڈیڑھ لاکھ سے زائد انجینئرز، آفیسرز اورمحنت کش مل کر ادارے کی ترقی اور بہتری کیلئے مشترکہ طور پر کام کرکے، صارفین کی خدمات میں بہتری لاکے، کارکنوں کی جان کی حفاظت اور تمام ملازمین کے مسائل کے حل کیلئے کام کرسکتے ہیں اور ادارے میں ہر سطح کی کرپشن کے خلاف آواز بلند کرنے، بجلی چوری روکنے، ریکوری اہداف حاصل کرنے، گرڈ اسٹیشنز اور لائنیں ایسے علاقوں میں بنانے جہاں ادارے کی بلنگ کی پوزیشن بہتر ہو ، صارفین کی شکایات کو کم کرنے، لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کرنے، سستی بجلی پیدا کرنے کے منصوبے بنانے، ادارے میں سیاسی تقرریوں و تبادلوں کا خاتمہ کرنے اور میرٹ اور شفافیت قائم کرکے ادارے کو زبوں حالی سے بچایا جاسکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گزشتہ کئی سالوں سے سیاسی بورڈ آف ڈائریکٹرز اور غلط انتظامی فیصلوں کی وجہ سے کیسکو کو اربوں روپے کا نقصان ہورہا ہے۔سی بی اے یونین نے 2005 سے اب تک ادارے میں بجلی کی چوری روکنے، ریکوری اہداف حاصل کرنے، سیاسی بورڈ آف ڈائریکٹرز کا خاتمہ کرنے اور میرٹ پر افسروں اور اہلکاروں کا تبادلہ کرنے کیلئے عدالت عالیہ بلوچستان میں 4پٹیشنز دائر کی ہیں جس پر عدالت عالیہ بلوچستان نے دو پٹیشنز پر واپڈا ، کیسکو سمیت چیف سیکریٹری اور آئی جی پولیس کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ کیسکو میں بجلی چوری کو روکیں اور سیاسی تبادلوں سے گریز کریں۔

انہوں نے مزدوروں پر زور دیا کہ ایمانداری اور محنت سے کام کرکے ہم ادارے کو ترقی کی راہ پر گامزن کرسکتے ہیں۔ انہوں نے ملازمین کو یقین دلایا ہے کہ ان کے عیدالفطر کے بونس کی ادائیگی، ایمپلائز سنزکوٹے اوربراہ راست کوٹے میں میرٹ پر بھرتیاںکرکے اسٹاف کی کمی کو دور کیا جائے گا اور اسی طرح پرموشن و اپ گریڈیشن بروقت کرنے سمیت دیگر مسائل کو بھی کیسکو انتظامیہ سے جلد از جلد حل کرایا جائے گا۔

بعد ازاں وفد نے سپرنٹنڈنگ انجینئر محمد اقبال بڑیچ اور دیگر افسروں سے میٹنگ کرکے ان پر زور دیا کہ وہ 2 جنوری 2017ء کو کیے گئے فیصلوں پر عملدرآمد کریں۔انہوں نے مزدورں کے مسائل کے حل اور ان کی جان کی حفاظت پر زور دیا۔مکران سرکل کے تمام عہدیداروں اور مزدوروں نے یونین کو یقین دلایا کہ وہ یونین کی ہر کال پر لبیک کہتے ہوئے ادارے کی ترقی اور صارفین کی خدمات میں بہتری کیلئے اپنا بھرپورکردار اداکریں گے۔

متعلقہ عنوان :