وزیر داخلہ نے اسلام آباد پولیس میں نئے اینٹی رائٹ یونٹ کے لئے 2000پر مشتمل نفری کی منظوری دے دی

باقاعدہ ٹریننگ ترکی پولیس سے ٹریننگ یافتہ پنجاب پولیس کے ماہر ٹرینرز کے ذریعے پولیس لائن ہیڈ کوارٹرز میں شروع ہم سب کو ایک پروفیشنل پولیس فورس ہونا چاہئے جو اپنے کام سے بخوبی واقف ہو، سلطان اعظم تیموری

پیر 18 دسمبر 2017 21:39

وزیر داخلہ نے اسلام آباد پولیس میں نئے اینٹی رائٹ یونٹ کے لئے 2000پر ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 دسمبر2017ء) وفاقی وزیر داخلہ پروفیسر احسن اقبال نے اسلام آباد پولیس میں ایک نئے اینٹی رائٹ یونٹ کے لئے 2000پر مشتمل نفری کی منظوری دے دی ہے جس کی دو فیز میں بھرتی کی جائے گی ۔ پہلے فیز میں 1000جوانوں کو بھرتی کیا جائے گا۔لیکن بھرتی سے قبل انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد ڈاکٹر سلطان اعظم تیموری کے خصوصی احکامات پر فوری طور پر 586افسران و جوانوں پر مشتمل ایک اینٹی رائٹ یونٹ تشکیل دے دیا گیا ہے جس کی باقاعدہ ٹریننگ ترکی پولیس سے ٹریننگ یافتہ پنجاب پولیس کے ماہر ٹرینرز کے ذریعے پولیس لائن ہیڈ کوارٹرز میں شروع ہو چکی ہے۔

اس اینٹی رائٹ فورس میں لیڈی پولیس کا دستہ بھی شامل ہے جس کو لیڈی ٹرینرز ٹریننگ دے رہی ہیں ۔

(جاری ہے)

اینٹی رائٹ فورس کا مقصد وفاقی دارلحکومت میں کسی بھی لاء اینڈ آرڈر صورتحال سے موثر انداز سے نمٹنا ہے ۔اینٹی رائٹ فورس کو جدید طرز کی اینٹی رائٹ کٹ اور دیگر سامان مہیا کیا گیا ہے۔گزشتہ روز انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد ڈاکٹر سلطان اعظم تیموری نے اینٹی رائٹ فورس کی ٹریننگ کا جائزہ لیا اور ان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب کو ایک پروفیشنل پولیس فورس ہونا چاہئے جو اپنے کام سے بخوبی واقف ہو ۔

انہوں نے کہا کہ یہ فورس ہر وقت پولیس لائن میں کسی بھی ایمرجنسی لاء اینڈ آرڈر صورتحال میں فوری ریسپانس دیں گے۔آئی جی اسلام آباد نے مزید کہا کہ آپ کو ماہر ٹرینرز سے ٹریننگ دلوائی جا رہی ہے اور آپ سب انتہائی ڈسپلن ،ایمانداری اور شوق سے ٹریننگ کریں۔ہم ہر وقت ہر قسم کی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تیار ہیں اور میں سب سے آگے ہوں گا۔ہم نے دنیا کی بہترین فورس بن کے دکھانا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ اینٹی رائٹ فورس کی ویلفئیر اور ان کی ذہنی و جسمانی فٹنس کا بھی خاص خیال رکھا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :