الیکشن کمیشن کا مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی پر غیر ملکی اور ملک دشمن قوتوں سے فنڈنگ لینے کے الزامات کا جائزہ لینے کا اصولی فیصلہ

الزامات پر کمیشن کو مطمئن کریں، درخواست گزار کو ہدایت

پیر 18 دسمبر 2017 21:26

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 دسمبر2017ء) الیکشن کمیشن نے پاکستان مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی پر غیر ملکی اور ملک دشمن قوتوں سے فنڈنگ لینے کے الزامات کا جائزہ لینے کا اصولی فیصلہ کر لیا ہے اور درخواست دائر کرنے والے تحریک انصاف کے رہنما کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ الزامات پر کمیشن کو مطمئن کریں اس سلسلے میں آج بروز منگل چیف الیکشن کمشنر جسٹس(ر) سردار محمد رضا کی سربراہی میں 5رکنی بنچ درخواست کا جائزہ لے گا واضح رہے کہ اس سے قبل الیکشن کمیشن میں تحریک انصاف کے خلاف غیر ملکی فنڈنگ کے حوالے سے پارٹی کے سابق ممبر اکبر ایس بابر کی جانب سے پٹیشن دائر کی گئی ہے اور تحریک انصاف کے غیر ملکی فنڈنگ کے حوالے سے تمام ریکارڈ الیکشن کمیشن کے پاس جمع کرادیا ہے اس سلسلے میں تحریک انصاف کے سیکرٹری اطلاعات نعیم الحق نے پاکستان مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کو ملنے والی غیر ملکی فنڈنگ کے حوالے سے بڑے پیمانے پر بے ضابطگیوں کا انکشاف کرتے ہوئے اس سلسلے میں الیکشن کمیشن میں باقاعدہ درخواست تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب کی جانب سے دائر کی گئی جس کی آج سماعت ہوگی واضح رہے کہ سپریم کورٹ کی جانب سے بھی یہ حکم نامہ سامنے آیا تھا کہ تحریک انصاف کی طرح دیگر سیاسی جماعتوں کو ملنے والی فارن فنڈنگ کی تحقیقات کی جائیں پی ٹی آئی کی اس اہم اور دور رس اثرات رکھنے والی پٹشن دیگر سیاسی جماعتوں کیلئے خطرے کا باعث بن سکتی ہے اور غیر ملکی فنڈنگ ثابت ہونے پر مجوزہ سیاسی جماعتوںپر پابندی بھی عائد کی جا سکتی ہے ۔

۔۔۔۔اعجاز خان