بینظیر بھٹو کی ہونے والی دسویں برسی میں ملک بھر سے کارکنان، جیالے اور عوام لاکھوں کی تعداد میں شرکت کریں گے، بلاول بھٹو

پیر 18 دسمبر 2017 21:08

بینظیر بھٹو کی ہونے والی دسویں برسی میں ملک بھر سے کارکنان، جیالے اور ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 دسمبر2017ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ27دسمبر 2017کو گڑھی خدابخش میں شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی ہونے والی دسویں برسی میں ملک بھر سے کارکنان، جیالے اور عوام لاکھوں کی تعداد میں شرکت کریں گے۔ بلاول ہائوس میں ایک میٹنگ ہوئی، جس کے دوران پی پی پی سندہ کے رہنمائوں نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی شہادت کی دسویں برسی کے انتظامات کے متعلق بریفنگ دی۔

میٹنگ میں قائدِ حزب اختلاف سید خورشید شاہ، فریال تالپور، سید قائم علی شاہ، نثار احمد کھڑو، مراد علی شاہ، مولابخش چانڈیو، وقار مہدی اور سعید غنی نے شرکت کی۔ بلاول بھٹو زرداری نے ہدایات کی کہ جلسہ گاہ کے مقام پر کشادہ اور اضافی انتظامات کیئے جائیں تاکہ ملک کے طول و عرض سے آنے والے لوگوں کو اپنی قائد کی آخری آرامگاہ کی پولیٹیکل پلگرمیج کے دوران کسی تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

(جاری ہے)

پی پی پی چیئرمین نے مزید کہا کہ پارٹی کی بڑھتی مقبولیت اور حالیہ عظیم الشان جلسوں نے مخالفین کی نیندیں حرام کردی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ملک کی واحد قومی پارٹی ہے، جس کی جڑیں ملک کے ہر علاقے میں موجود ہیں، جبکہ دیگر تمام جماعتیں علاقائی یا بلبلے پارٹیاں ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پیپلز پارٹی آئندہ عام انتخابات میں ملک بھر سے کامیاب ہوگی۔