آرمی چیف کی پارلیمانی تاریخ میں پہلی مرتبہ کل سینٹ ہول کمیٹی کو بریفنگ کیلئے پارلیمنٹ آمد

ان کیمرہ اجلاس ہوگا،صدارت رضا ربانی کرینگے ،متعلقہ سکیورٹی اداروں نے جی ایچ کیو کو سیکورٹی کلیئرنس سگنل دیدیا

پیر 18 دسمبر 2017 20:33

آرمی چیف کی پارلیمانی تاریخ میں پہلی مرتبہ کل سینٹ ہول کمیٹی کو بریفنگ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 دسمبر2017ء) آرمی چیف جنر ل قمر جاوید باجوہ کی پارلیمانی تاریخ میں پہلی مرتبہ سینٹ ہول کمیٹی کو بریفنگ کے لئے پارلیمنٹ آمد ، متعلقہ سکیورٹی اداروں نے جی ایچ کیو کو سیکورٹی کلیئرنس سگنل دیدیا۔ آرمی چیف آج سینیٹ ہول کمیٹی میں خصوصی شرکت کریں گے اور کمیٹی کو ملک کی سلامتی صورتحال پر بریفنگ دیں گے۔

انہیں یہ دعوت چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے دی ہے۔ یہ ان کیمرہ اجلاس ہوگا ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ چیف آف آرمی سٹاف سینیٹ کو بریفنگ دے رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق سینیٹ کی ہول کمیٹی پورے ایوان پر مشتمل ہوگی، یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ کمیٹی صدارت چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی کریں گے۔ سینیٹ ہول کمیٹی علاقائی صورتحال ، پاکستان کی دہشت گردی کے حوالے سے امریکی قرار داد پر پالیسی گائیڈ لائن بھی تیار کرے گی ۔

چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ بھارت ، افغانستان اور ایران سے ملحقہ بارڈر پر بھی خصوصی سیکیورٹی صورتحال اور نئی امریکی پالیسی سے خطے میں پیدا ہونے والی صورتحال پر بھی کمیٹی کو بریفنگ دیں گے۔ کمیٹی کے اجلاس میں ملکی صورتحال کے علاوہ پاکستان کو درپیش عالمی سطح پر چیلنجز کے آحوالے سے بھی بتایا جائے گا۔