کمشنرسرگودھا نے محکمہ کو ماڈ ل قبرستان شہر خموشاں کا تعمیراتی کام 31دسمبر تک مکمل کرنے کی ڈیڈلائن دیدی

پیر 18 دسمبر 2017 20:22

سرگودھا۔18 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 دسمبر2017ء)کمشنرسرگودہاڈویژ ن ندیم محبوب نے ماڈ ل قبرستان شہر خموشاں چک نمبر40 شمالی کے تعمیراتی کام کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ محکمہ کو یہ کام 31دسمبر تک مکمل کرنے کی ڈیڈلائن دے دی ہے ۔ اس قبرستا ن پر مجموعی طو رپر 9کروڑ 84لاکھ روپے کے اخراجات ہو رہے ہیں جس میں سے چھ کروڑ 41 لاکھ روپے کیپٹل کیلئے جبکہ دو کروڑ 60 لاکھ روپے سامان کی خریداری کیلئے مختص کئے گئے ہیں اس منصوبہ پر گذشتہ سال دو جولائی کو کام شروع ہو ا تھا ۔

وہ ماڈل قبرستان چک نمبر 40شمالی پر کام کی رفتارکے جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر لیاقت علی چٹھہ ‘ ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ چوہدری قدیر ا حمد ‘ ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ شفیق الرحمان نیازی ‘ ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ اور ایس ڈی او بلڈنگ کے علاوہ دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس کو بتایا گیاکہ یہ قبرستان دس ایکڑرقبہ پر زیر تعمیر ہے جس میں جنازہ گاہ ‘ مین بلاک مارچری ‘ ٹائلٹس ‘ دکانیں اور گارڈ روم ‘ سٹوریج ایریا ‘ دو کوارٹر ‘ چا ر دیواری اور گیٹ وپلر شامل ہیں ۔

جبکہ سامان میں آئی ٹی آلات کے علاوہ جنریٹر ‘ تین عدد ایئر کنڈیشنراور افرادی قوت کی بھرتی شامل ہے ۔ اجلاس کو بتایاگیا کہ منصوبے کیلئے چھ کروڑ 52لاکھ روپے جاری ہو چکے ہیں جبکہ چار کروڑ سے زائد کے اخراجات سے 62فیصد سے زائد کام مکمل ہو چکا ہے ۔ جس سے چار دیواری مکمل ہوچکی ہے جبکہ دیگر شعبوں پر کام جاری ہے ۔ سامان کی خریداری کیلئے ٹینڈراور میٹنگ ہو چکی ہیں ۔ اجلاس کو مزید بتایا گیاکہ ہیومن ریسورس کیلئے 16 -افراد بھرتی کئے جائیں گے جن میں ایک ایک منیجر ‘ سپروائز اور ہیڈگارڈنر جبکہ چھ سیکورٹی گارڈ ‘ پانچ گارڈنرز اور دو گورکن شامل ہیں ۔