احتجاجی تحریک اب سانحہ ماڈل ٹائون کے قاتلوں کے خلاف چلے گی ‘ڈاکٹر محمد طاہر القادری

آئینی اداروں کے خلاف تحریک چلانے کی دھمکیاں دینے والے اپنا غیر ملکی ایجنڈا سامنے لے آئے ‘سربراہ عوامی تحریک

پیر 18 دسمبر 2017 20:19

احتجاجی تحریک اب سانحہ ماڈل ٹائون کے قاتلوں کے خلاف چلے گی ‘ڈاکٹر محمد ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 دسمبر2017ء) عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا ہے کہ فیصلہ کن احتجاجی تحریک اب سانحہ ماڈل ٹائون کے قاتلوں کے خلاف پاکستان کے عوام چلائیں گے ،بربادی کے ذمہ دار عدلیہ کے خلاف تحریک چلانے کی دھمکیاں دے کر اپنی اصل ذہنیت اور غیر ملکی ایجنڈا سامنے لا رہے ہیں مگر اس بار عدالت عظمیٰ کے لارجر بنچ سے متفقہ طور پر نا اہل قرار پانیوالا ملکی مفاد سے کھلواڑ نہیں کر سکے گا اور نہ ہی لوٹ مار کے اربوں کھربوں اسے انجام سے بچا سکیں گے،ملکی ادارے اتنے کمزور بھی نہیں ہیںکہ ایک جھوٹا شخص انہیں اپنے مذموم مقاصد کی خاطر بلیک میل کر سکے ۔

وہ گزشتہ روز پاکستان عوامی تحریک کے وکلاء رہنمائوں ،سنیئر عہدیداروں اور مختلف وفود سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے ۔

(جاری ہے)

پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری آج بروز ( منگل ) کو سانحہ ماڈل ٹائون اور جسٹس باقر نجفی کمشن کی رپورٹ کے تناظر میں تاجر برادری اور سول سوسائٹی کے نمائندوں کے اجلاس سے خصوصی خطاب کریں گے جس کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے ۔

ڈاکٹر طاہر القادری نے کہاکہ پنجاب کے قاتل اعلیٰ کی گردن 14 بے گناہوں کے قتل میںاڑے گی اس بار اشرافیہ کا پیچھا ماڈل ٹائون کے مظلوموں کی آہوں اور سسکیوں کے ساتھ ساتھ محب وطن عوام بھی کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سیاسی قیادت مظلوموں کوا نصاف دلوانے کے یک نکاتی ایجنڈے پر متحد ہے ۔ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ حصول انصاف کیلئے سیاسی جماعتوں کے ساتھ ساتھ سوسائٹی کے تمام طبقات سے بھی مشاورت کررہے ہیں،ہمارے پانچ نکات پر مشتمل مطالبات تسلیم نہ کئے گئے تو فیصلہ کن احتجاج کیلئے نکلیں گے۔

دریں اثناء پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے گزشتہ روز منہاج ویلفیئر فائونڈیشن کے زیر اہتمام چلنے والے یتیم بچیوں کے ادارہ ’’بیت الزاہرہ‘‘ کا خصوصی دورہ کیااور یہاں طلباو طالبات کی فکری نشست سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تحریک منہاج القرآن کا تعلیمی ویثرن محض ڈگریاں جاری کرنا نہیں بلکہ تعلیم اور تربیت کے امتزاج سے اچھے شہری بنانا اور پر امن معاشرہ تشکیل دینا ہے جس میں بلا رنگ و نسل تمام طبقات کے حقوق محفوظ ہوں اورنوجوانوں کی ایسی نسل پروان چڑھانا ہے جو پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کی ضمانت بنے اور وہ پاکستان کے اندر اور باہر کی دنیا میں اسلام اور وطن کے سفیر بن کر اپنی پیشہ ورانہ خدمات انجام دیں ۔

انہوں نے کہا کہ میں اس بات پر مطمئن اور مسرورہوں کہ تحریک منہاج القرآن کے پلیٹ فارم سے جو تعلیمی ،تربیتی اہداف مقرر کئے گئے تھے وہ حاصل ہو رہے ہیں ۔سربراہ عوامی تحریک کا بیت الزہراہ آمد پر ڈائریکٹر بیت الزہراہ مدثرہ بلوچ نے استقبال کیا ،اس موقع پر صدر منہاج القرآن ڈاکٹر حسین محی الدین،محترمہ فضہ حسین قادری، بریگیڈئیر(ر) اقبال احمد خان،خرم نواز گنڈا پور،وائس چانسلر ڈاکٹر اسلم غوری ،جی ایم ملک ،عدنان جاوید موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :