خواتین کسی بھی تنظیم میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں، ہمیں فخر ہے پیپلز پارٹی کا حصہ ہیں ، سیدہ شاہدہ رحمانی

پیر 18 دسمبر 2017 19:48

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 دسمبر2017ء) پاکستان پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کراچی ڈویژن کی صدر و ممبر قومی اسمبلی سیدہ شاہدہ رحمانی نے پیپلز سیکریٹریٹ میں گزشتہ روز شعبہ خواتین کی تنظیم سازی کے حوالے سے اجلاس منعقد کیا۔ جس کی صدارت سندھ کی صدر و ممبر قومی اسمبلی شگفتہ جمانی نے کی۔ اجلاس کا آغاز تلاوت کلام پاک سے شروع کیا گیا جبکہ پیپلز پارٹی کے بانی قائد شہید ذوالفقار علی بھٹو، شہید محترمہ بینظیر بھٹو اور دیگر شہداء سمیت پیپلز پارٹی کی سینئر خاتون رہنما مرحومہ رقیہ خانم سومرو کیلئے بھی دعا کی گئی۔

اجلاس میں کراچی کے چھ ضلعوں کی خواتین پورے جوش و خروش کے ساتھ موجود تھیں جن سے تنظیمی عہدوں کے لیے انٹرویوز لیے گئے۔ سندھ کی جنرل سیکریٹری ایم این اے ڈاکٹر مہرین بھٹو، سیکریٹری اطلاعات سعدیہ جاوید، شعبہ خواتین کراچی کی جنرل سیکریٹری شاہینہ شیر علی اور سیکرٹری اطلاعات شاہینہ سعیدہ بھی اجلاس میں موجود تھیں۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب کرتے ہوے شگفتہ جمانی نے کہا کہ خواتین کسی بھی تنظیم میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں، ہمیں فخر ہے کہ ہم پیپلز پارٹی کا حصہ ہیں جس کی خاتون لیڑر اسلامی ملک کی پہلی وزیراعظم تھیں اجلاس میں موجود تمام خواتین نے عہد کیا کہ وہ پوری جدوجہد اور عزم کے ساتھ پارٹی کے لیے کام کریں گی اور اگلا وزیراعظم بلاول بھٹو زرداری ہی ہونگے۔

اجلاس میں سندھ کے رابطہ سیکریٹری نعمان شیخ نے خصوصی شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :