خواجہ سعد رفیق نے بھی پارٹی میں ٹوٹ پھوٹ کا اعتراف کر لیا

سب نہیں جا رہے ،کچھ مہمان پرندے ہوا کے ساتھ جائیں گے ،خواجہ سعد رفیق

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس پیر 18 دسمبر 2017 19:21

خواجہ سعد رفیق نے بھی پارٹی میں ٹوٹ پھوٹ کا اعتراف کر لیا
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار- 18دسمبر 2017ء ): وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے حکمران جماعت مسلم لیگ ن میں ٹوٹ پھوٹ کا اعتراف کر لیا انکا کہنا تھا کہ سب لوگ پارٹی کو چھوڑ کر نہیں جا رہے صرف کچھ مہمان پرندے ہوا کے رخ پر اڑ جائیں گے۔تفصیلات کے مطابق حکمران جماعت مسلم لیگ ن اس وقت مشکل ترین دور سے گزر رہی ہے ۔ایک طرف پانامہ اور ختم نبوت جیسے معاملات نے حکومتی جماعت کو سانس نہ لینے دیا تھا کہ دوسری طرف پارٹی کی اندرونی توڑ پھوڑ نے بھی مسلم لیگ ن کی قیادت کو سخت پریشان کر رکھا ہے ۔

(جاری ہے)

ویسے تو مسلم لیگ ن کی قیادت شروع سے ہی پارٹی میں توڑ پھوڑ کو نہیں مان رہی تھی لیکن اب مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماؤں نے اس حقیقت کا بر ملا اظہار کرنا شروع کر دیا ہے اس سلسلے میں وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا سب نہیں جا رہے لیکن کچھ مہمان پرندے ہوا کے ساتھ جائیں گے۔انکا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن میں بھی ایسے لوگ موجود ہیں جو طاقتور حلقوں کی طرف دیکھتے ہیں۔انکا مزید کہنا تھا کہ عدلیہ سے کوئی اختلاف نہیں ہے لیکن قانون و انصاف کے خلاف فیصلہ دیا تو تنقید کریں گے۔ججوں کو بھی ریمارکس دیتے ہوئے منصب کا خیال رکھنا چاہیے۔