کرسمس کی آمد کے پیش نظر صوبہ بھرمیں سکیورٹی کے فول پروف اقدامات کئے جائیں،آئی جی پنجاب

پیر 18 دسمبر 2017 19:30

کرسمس کی آمد کے پیش نظر صوبہ بھرمیں سکیورٹی کے فول پروف اقدامات کئے ..
لاہور۔18 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 دسمبر2017ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے کہا ہے کہ کرسمس کی آمد کے پیش نظر صوبے کے تمام اضلاع میں مسیحی عبادت گاہوں ، گرجاگھروں، اہم مارکیٹوں اور پارکوں سمیت تفریح گاہوں کی سکیورٹی کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے فول پروف اقدامات کئے جائیں، انہوں نے مزید کہا کہ حساس اور اے کیٹیگری کے گرجاگھروں کے گرد و نواح میں سی ٹی ڈی سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر انٹیلی جنس بیسڈ سرچ ، سویپ اور کومبنگ آپریشنز کے سلسلے میں مزید تیزی لائی جائے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کیلئے حفاظتی اقدامات میں کوئی کمی باقی نہ چھوڑی جائے ،انہوں نے تاکید کی کہ کرسمس سے قبل تمام ڈی پی اوز اپنے اضلاع کی مسیحی عبادت گاہوں کی سکیورٹی پر مامور نفری کا سیکیورٹی آڈٹ کریں ، گرجا گھروں کے داخلی اور خارجی راستوں پر کلوز سرکٹ کیمروں ، واک تھرو گیٹ اور میٹل ڈٹیکٹرز سمیت دیگر آلات کی فراہمی کو یقینی بنائیں، اہم گرجا گھروں کے گردو نواح عمارتوں کی چھتوں پر سنائپرز اور چرچز کے اندر سادہ لباس میں پولیس کمانڈوز کو سیکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات کیا جائے اور کسی بھی شخص کو بغیر جامع تلاشی چرچ میں داخلے کی اجازت کسی صورت نہ دی جائے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نیسنٹرل پولیس آفس میں ایک اعلٰی سطحی اجلاس میں سینئر پولیس افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کیا ،اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ فیصل شاہکار، سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر) محمد امین وینس ، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی رائے محمد طاہر ، ڈی آئی جی آپریشنز عامر ذوالفقار خان ، ڈی آئی جی آپریشنز لاہور ، ڈاکٹر حیدر اشرف ، اے آئی جی آپریشنز محمد کاشف ، سی ٹی او لاہور رائے محمد اعجاز سمیت دیگر اعلی افسران موجود تھے ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں گذشتہ روز کوئٹہ چرچ دھماکوں کے بعد پنجاب میں مسیحی عبادت گاہوں کی صورتحال اور سکیورٹی پلان کے حوالے سے مختلف امور زیر بحث آئے ،آئی جی پنجاب نے اجلاس میں سینئر پولیس افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ آر پی اوز اور ڈی پی اوز اپنے ریجنز اور اضلاع میں کرسمس کی مناسبت سے سکیورٹی کو ہائی الرٹ رکھتے ہوئے حساس اور اے کیٹیگری کے حامل گرجا گھروں کا سیکیورٹی پلان نہ صرف خو د ترتیب دیںبلکہ سکیورٹی ڈیوٹی پر مامور عملے کو موجودہ حالات کے تناظر میں ڈیوٹی کی اہمیت اور حساسیت کے حوالے سے باقاعدہ بریف بھی کریں تاکہ وہ اپنے فرائض بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ بطریق احسن انجام دے سکیں ۔

اجلاس میں آئی جی پنجاب نے سینیئر پولیس افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ لاہورسمیت دیگر شہروں کی اہم شاہراہوں پر تجازوات مافیا کے خاتمے کیلئے دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر فی الفورکریک ڈاؤ ن کا آغاز کیا جائے اورٹریفک کے ہموار بہاؤ کیلئے لائن سسٹم کی پابندی کے ساتھ پیدل چلنے والے شہریوں کو ریگولیٹ کرنے کیلئے بھرپور آگاہی مہم کا آغاز کیا جائے، آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ کرسمس کے موقع پر حساس مقامات ، بڑے ہوٹلز ،پارکوں ، تعلیمی اداروں اور دینی عبادت گاہوں کی سکیورٹی مانیٹرنگ کو سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مزید موثر بنایا جائے اور اہم شاہراہوں پر ڈولفن اور پیرو سمیت پٹرولنگ پولیس کے گشت کے اوقات کار کو مزید بڑھایا جائے ،انہوں نے مزید کہا کہ بین الصوبائی اور بین الاضلاعی چیک پوسٹوں پر شہریوں اور گاڑیوں کی نقل و حرکت کے عمل کو مزید سخت کرتے ہوئے چیکنگ اور مانیٹرنگ کے اقدامات میں کوئی کسر نہ اٹھا رکھی جائے ۔

متعلقہ عنوان :