پاکستان مسلم لیگ (ن) آئندہ عام انتخابات کے لئے عوامی اجتماعات کے ذریعے شہریوں سے رابطے بڑھائے گی، فروری سے مہم میں تیزی لائی جائے گی، مسلم لیگ (ن) آئندہ عام انتخابات میں اپنی کامیابی کیلئے پراعتماد ہے

سابق وزیراعظم محمد نواز شریف ’’ووٹ کا احترام‘‘ کے نعرے کے ساتھ بھرپور مہم شروع کرینگے،مسلم لیگ (ن) کے ذرائع

پیر 18 دسمبر 2017 19:19

پاکستان مسلم لیگ (ن) آئندہ عام انتخابات کے لئے عوامی اجتماعات کے ذریعے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 دسمبر2017ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) آئندہ عام انتخابات کی مہم بتدریج شروع کرے گی۔ مختلف شہروں میں عوامی اجتماعات کے ذریعے شہریوں سے رابطے بڑھائے جائیں گے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ذرائع کے مطابق پارٹی فروری سے آئندہ انتخابات کیلئے مہم میں تیزی لائے گی۔ مسلم لیگ (ن) آئندہ عام انتخابات میں اپنی کامیابی کیلئے پراعتماد ہے جو وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور ان کی کابینہ کے وزراء کے حالیہ بیانات سے ظاہر ہوتا ہے۔

ان کا خیال ہے کہ عوام پانچ سالہ کارکردگی اور قومی معیشت کے مختلف شعبوں میں کامیابی کی بنیاد پر ایک بار پھر پاکستان مسلم لیگ (ن) کو انتخابات میں منتخب کریں گے جو آئندہ سال کے وسط میں منعقد ہوں گے۔

(جاری ہے)

سابق وزیراعظم محمد نواز شریف ’’ووٹ کا احترام‘‘ کے نعرے کے ساتھ بھرپور مہم کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں جس کا مقصد اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ مستقبل میں وزراء اعظم اپنی آئینی مدت پوری کر سکیں۔

انہوں نے کہا ہے کہ وہ عوام کے آئینی اور قانونی حقوق کیلئے تحریک چلائیں گے اور انہوں نے عوام سے کہا ہے کہ وہ ان کے اصلاحاتی ایجنڈا کی سپورٹ کریں۔ نواز شریف اس سلسلہ میں ایبٹ آباد اور کوئٹہ کے شہروں میں پہلے ہی متاثر کن عوامی جلسے منعقد کر چکے ہیں۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کا دوسرا بیانیہ ملک میں امن کی بحالی بالخصوص کراچی اور بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال میں بہتری، بجلی کی قلت کے خاتمہ، ملکی معیشت کو درست راہ پر گامزن کرنے اور ملک بھر میں اہم انفراسٹرکچر منصوبوں کو مکمل کرنے سے متعلق عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل ہو گا۔

تمام تر سازشی تھیوریز کے باوجود پارٹی رہنما بشمول وزیراعظم نے بار بار یہ کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت اپنی مدت پوری کرے گی، قومی اسمبلی اپنی پانچ سالہ مدت آئندہ سال جون کے پہلے ہفتہ میں مکمل کرے گی۔