کوئٹہ چرچ پر حملہ کرنے والوں نے مختلف مذاہب کے درمیان فتنہ پیدا کرنے کی سازش کی ہے جسے پاکستانی قوم مسترد کرتی ہے‘طاہر محمود اشرفی

مسلمانوں کی اکثریتی ریاست میں غیر مسلموں کی عبادتگاہوں پر حملے شرعی طور پر حرام اور ناجائز ہیں ،دہشت گردی اور انتہاء پسندی کے خاتمے کیلئے پاک فوج اور ملک کے سلامتی کے اداروں کے ساتھ ہیں‘پریس کانفرنس سے خطاب

پیر 18 دسمبر 2017 18:38

کوئٹہ چرچ پر حملہ کرنے والوں نے مختلف مذاہب کے درمیان فتنہ پیدا کرنے ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 دسمبر2017ء) پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہاہے کہ دہشت گردی اور انتہاء پسندی کے خلاف پاکستانی قوم متحدہے کوئٹہ چرچ پر حملہ کرنے والوں نے مختلف مذاہب کے درمیان فتنہ پیدا کرنے کی سازش کی ہے جسے پاکستانی قوم مسترد کرتی ہے ،مسلمانوں کی اکثریتی ریاست میں غیر مسلموں کی عبادتگاہوں پر حملے شرعی طور پر حرام اور ناجائز ہیں پاکستان علماء کونسل کا فتویٰ، دہشت گردی اور انتہاء پسندی کے خاتمے کیلئے پاک فوج اور ملک کے سلامتی کے اداروں کے ساتھ ہیں ۔

ان خیالات کااظہارا نہوںنے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ کوئٹہ چرچ پر حملہ کسی ایک مذہب کے ماننے والوں پر نہیں بلکہ پاکستان اور اہل پاکستان پر حملہ ہے ، بعض شر پسند قوتیں پاکستان میں بین المذاہب ، بین المسالک انتشار پیدا کرنا چاہتی ہیں لیکن پاکستان میں بین المذاہب مکالمہ اور بین المسالک رواداری کیلئے جدوجہد جاری رکھی جائے گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دہشت گرد اور انتہاء پسندوں کا کسی مذہب اور مسلک سے کوئی تعلق نہیں ہے ، دہشت گرد اور انتہاء پسند کسی مذہب کے نمائندہ نہیں بلکہ دہشت اور وحشت کے نمائندہ ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل کا دارالافتاء فتویٰ جاری کر چکا ہے کہ مسلمانوں کی اکثریتی ریاست میں غیر مسلموں کی جان و مال ، عزت و آبرو اور ان کی عبادتگاہوں کا تحفظ مسلمانوں اور ریاست کی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خلاف افغانستان میں بیٹھ کر سازشیں کرنے والے جان لیں کہ پاکستانی قوم اور پاکستان کی سلامتی کے ادارے اپنے ملک کا دفاع کرنا جانتے ہیں۔ انہوںنے حکومت سے مطالبہ کیا کہ تمام مذاہب اور مسالک کی عبادت گاہوں کے تحفظ کیلئے مزید اور مؤثر سکیورٹی مہیا کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسیحی برادری نے ہمیشہ پاکستان کے دفاع ، سلامتی اور استحکام کیلئے بھرپور کردار ادا کیا ہے اور پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے تمام مذاہب اور مکاتب فکر کو متحدہ ہو کر جدوجہد کرنی ہے ۔

اجلاس میں تمام مذاہب کے نمائندوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے القدس کو اسرائیل کا دارالخلافہ قرار دینے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ القدس تمام آسمانی مذاہب کے ماننے والوں کی عقیدت کا مرکز ہے ، اسے اسرائیلی ریاست کا دارالحکومت قرار دینا کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔ قائدین نے اعلان کیا کہ پاکستان علماء کونسل کا وفد کل کوئٹہ اور لاہور میں مسیحی برادری سے اظہار یکجہتی کیلئے مسیحی قائدین سے ملاقات کیلئے جائے گا۔

متعلقہ عنوان :