ملک میں دہشتگردی کے واقعات میں اضافہ تشویش ناک ہے‘میاں مقصود احمد

ملک دشمن عناصر اوران کے آلہ کاروں کاقلع قمع کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں‘ امیر جماعت اسلامی پنجاب

پیر 18 دسمبر 2017 18:04

ملک میں دہشتگردی کے واقعات میں اضافہ تشویش ناک ہے‘میاں مقصود احمد
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 دسمبر2017ء) امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے کہا ہے کہ ملک میں دہشتگردی کی وارداتوں میں اضافہ تشویش ناک ہے۔ایک طرف حکمران دہشتگردوں کی کمر توڑنے کی قوم کو نوید سناتے نہیں تھکتے جبکہ دوسری جانب رواں سال میں دہشتگردی کے کئی واقعات ہوچکے ہیںجن میں کئی قیمتی جانیں ضائع ہوئی ہیں۔

افغانستان میں جب تک نام نہاد امریکی جنگ کاخاتمہ نہیں ہوگا اس وقت تک پاکستان میں دہشتگردی کاخاتمہ نہیں ہوسکتا۔حقائق کاادراک کرنے کی بجائے کبوترکی طرح آنکھیں بند کرلینے سے خطرات ٹل نہیں سکتے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے گزشتہ روزمنصورہ میں عوامی وفود سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ بھارت،اسرائیل اور امریکہ پاکستان کی سلامتی کے خلاف متحدہوچکے ہیں۔

(جاری ہے)

بلوچستان کوخصوصی طورپرٹارگٹ کیاجارہاہے تاکہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کو ناکام بنایاجاسکے۔وزیر اعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی امور ناصر جنجوعہ نے بھی اس بات کا انکشاف کیا ہے کہ امریکہ اور بھارت کا گٹھ جوڑ پاکستان کوترقی سے روکنا چاہتا ہے۔پاکستان کے مختلف علاقوں میں دہشتگردی کی واردتوں کے پیچھے انہی بیرونی عناصر کا ہاتھ ہے۔

ضرورت اس امر کی ہے کہ ملک دشمن عناصر اوران کے آلہ کاروں کاقلع قمع کرنے کے لیے سنجیدگی سے اقدامات کیے جائیں۔پاکستان کی عزت،وقار اور سلامتی دائو پر لگ چکی ہے۔انہوں نے کہاکہ اب وقت آگیا ہے کہ پینٹاگون اور واشنگٹن کی پالیسیوں کوترک کرکے اپنی خارجہ پالیسی کوازسرنوملک وقوم کے مفاد میں مرتب کیاجائے اور دشمن کی آنکھوں آنکھیں ڈال کربات کی جائے۔

حکمرانوں کے لیے ملک وقوم سے زیادہ کوئی چیز مقدم نہیں ہونی چاہئے۔جنرل(ر)پرویزمشرف کی بزدلانہ پالیسیوں کاخمیازہ آج تک قوم بھگت رہی ہے۔پیپلزپارٹی کے بعدمسلم لیگ(ن)کی حکومت بھی انہی پالیسیوں کوجاری رکھے ہوئے ہے۔میاں مقصوداحمد نے مزیدکہاکہ ڈونلڈٹرمپ انتظامیہ ڈومور کامطالبہ کرکے پاکستان کی سیاسی وعسکری قیادت کو دبائومیں رکھنا چاہتی ہے۔ہمیں بحیثیت قوم امریکی غلامی کا طوق اور بھیک مانگنے والا کشکول توڑ کر اپنے قومی وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے آگے بڑھنا چاہئے۔عوام2018کے انتخابات میں اپنے ووٹ کااستعمال ٹھیک طریقے سے کریں توملک میں تبدیلی آسکتی ہے۔

متعلقہ عنوان :