وزیراعلی بلوچستان نے بیتھل میموریل متھڈسٹ چرچ پر خودکش حملے میں جاں بحق و زخمیوں کیلئے مالی امداد کا اعلان کردیا

پیر 18 دسمبر 2017 17:57

وزیراعلی بلوچستان نے بیتھل میموریل متھڈسٹ چرچ پر خودکش حملے میں جاں ..
کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 دسمبر2017ء) وزیراعلی بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے بیتھل میموریل متھڈسٹ چرچ پر خودکش حملے میں جاں بحق و زخمیوں کیلئے مالی امداد کا اعلان کردیا ۔وزیراعلی بلوچستان نے پیر کے روز سول ہسپتال میں خودکش حملے میں زخمیوں کی عیادت کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ پولیس اور سیکورٹی فورسز نے بروقت کاروائی کرتے ہوئے دوحملہ آوروں کا ہلاک کردیا پولیس نے دہشتگردوں کا بہادری سے مقابلہ کیا میں پولیس اور سیکورٹی فورسز کو شاباش دیتاہوں ۔

انہوں نے یہ بات پیر کے روز صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہاکہ اگر خدانخواستہ خودکش حملہ آور چرچ کے اس حال میں داخل ہونے میں کامیاب ہوجاتے جہاں پر اتوار کے روز مسیح برادری اپنی عبادت کرتے ہیں تو بہت جانی نقصان ہوتا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ میں اس پولیس والے کو بھی شاباش دیتاہوں کہ اس نے کافی دیر تک دہشتگردوں کو روکا رکھا اور مقابلہ کیا ۔

انہوں نے کہاکہ دہشتگردوں کو روکنے والے نوجوان کیلئے صدارتی ایوارڈ کی سفارش کرونگا اور اللہ تعالی نے بلوچستان کو بڑی تباہی سے بچالیا ہے پولیس اور سیکورٹی فورسز نے دہشتگردوں کا دس سے پندرہ منٹ مقابلہ کیا اور اس مقابلے کے بعد یہ بعد واضح ہوگیا ہے کہ سیکورٹی فورسز کا مورل بہت بلند ہے ہم دہشتگردوں کے سامنے نہ پہلے جھکے ہیں اور نہ آئندہ جھکیں گے جب تک ایک دہشتگرد بھی زندہ ہے اس کا ڈٹ کر مقابلہ کا جائے گا ۔

اس موقع پر نواب ثنااللہ زہری نے اعلان کیا کہ حملے میں جاں بحق افراد کے لواحقین کو فی کس 10 لاکھ روپے جب کہ زخمیوں کو علاج و معالجے کی سہولت کے لیے 5،5 لاکھ روپے دیئے جائیں گے۔واضح رہے کہ اتوار کے روز بیتھل میموریل متھڈسٹ چرچ خودکش حملے میں 4خواتین سمیت 9افراد جاں بحق ہوئے تھے جبکہ50سے زائد افراد زخمی ہوئے تھے جن میں بچوں کی تعداد بھی زیادہ بتائی گئی ہے بعض زخمیوں کی حالت نازک بتائی گئی ہیں۔

متعلقہ عنوان :