غیر قانونی تعمیرات کے خلاف آپریشن تیز، 17ڈھانچے مسمار، 123جائیداد مالکان کو انتباہی نوٹسز جاری

پیر 18 دسمبر 2017 16:50

راولپنڈی۔18دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 دسمبر2017ء)راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ نے غیر قانونی تعمیرات کے خلاف آپریشن تیز کرتے ہوئے 17ڈھانچے مسمار کر دیئے جبکہ خلاف ضابطہ تعمیرات پر 123جائیداد مالکان کو انتباہی نوٹسز جاری کر دیئے ۔ترجمان راولپنڈی کینٹ قیصر محمود نے اے پی پی کو بتایاکہ کنٹونمنٹ ایگزیکٹو آفیسر راولپنڈی ڈاکٹر صائمہ شاہ کی خصوصی ہدایات پر شعبہ بلڈنگ کنٹرول نے گذشتہ 40دن کے اندر کینٹ کے مختلف علاقوں میں خصوصی چھاپہ مار ٹیموں کے ذریعے غیر قانونی تعمیرات کے خلاف بھرپور انداز میں کارروائی کی اور غیر قانونی تعمیرات میں ملوث جائیدا د مالکان کو نوٹسز جاری کیے ۔

ترجمان نے مزید بتایاکہ یہ کارروائیاں کینٹ کے مختلف علاقوں ماربل فیکٹری ایریا ،ڈھوک گجراں ،بھاٹہ چوک ،مصریال روڈ ،قائد اعظم کالونی ،ٹنچ بھاٹہ ،پیپلز کالونی ،ڈھوک چوہدریاں ،افشاں کالونی ،پشاور روڈ ،چوہڑ اور دیگر علاقوں میں خلاف ضابطہ تعمیرات کے خلاف کی گئیں ۔

(جاری ہے)

ترجمان نے اے پی پی کو مزید بتایاکہ کینٹ ایریاز میں پیشگی اجازت لیے بغیر خلاف ضابطہ تعمیرات کرنے پر بلڈنگ ڈیپارٹمنٹ نے 17ڈھانچے مسمار کیے ۔

ایک سوال کے جواب میں ترجمان نے بتایاکہ غیر قانونی تعمیرات کے خلاف سی ای او کے حکم پر جاری آپریشن مزید تیز کر دیا گیا ہے ۔ایک او ر سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ اس عرصہ میں 78بلڈنگ پلانز کی منظوری دی گئی ۔غیر قانونی تعمیرات کے خلاف سخت کارروائی کی بدولت شہریوں نے بلڈنگ پلانز کی منظوری کا قانونی طریقہ کار اختیار کیا ہے جس کی بدولت کینٹ بورڈ کے ریونیو میں بھی اضافہ ہو گیا ہے ۔