ْچوہدری غلام عباس کی قیا م پاکستان اور کشمیر کی آزاد ی ِ کے لئے جدوجہد کوہمیشہ یاد رکھا جائے گا،

پاکستان اور کشمیر کی عوام چوہدری غلام عباس کی پاکستان اور کشمیر کے لئے نظریاتی وابستگی اور والہانہ محبت کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں ، قائداعظم محمد علی جناح ؒ چوہدری غلام عباس کا بہت احترام کرتے تھے اور چوہدری غلام عباس نے اپنی اولاد کو قربان کرتے ہوئے پاکستان کے پرچم کو بلند کیا جس کی مثال کشمیری عوام کے سامنے ہے،پاکستان کی ترقی وخوشحالی سے کشمیر کی ترقی و خوشحالی مضمر ہے قائد ایوان سینیٹ سینیٹر راجہ محمد ظفرالحق کاچوہدری غلام عباس کی 50 ویں برسی کے حوالے سے منعقد ہ اجتماع سے خطاب

پیر 18 دسمبر 2017 17:02

ْچوہدری غلام عباس کی قیا م پاکستان اور کشمیر کی آزاد ی ِ کے لئے جدوجہد ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 دسمبر2017ء) قائد ایوان سینیٹ سینیٹر راجہ محمد ظفرالحق نے کہا ہے کہ چوہدری غلام عباس کی قیا م پاکستان اور کشمیر کی آزاد ی ِ کے لئے جدوجہد کوہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ پاکستان اور کشمیر کی عوام چوہدری غلام عباس کی پاکستان اور کشمیر کے لئے نظریاتی وابستگی اور والہانہ محبت کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں ۔

قائداعظم محمد علی جناح ؒ چوہدری غلام عباس کا بہت احترام کرتے تھے اور چوہدری غلام عباس نے اپنی اولاد کو قربان کرتے ہوئے پاکستان کے پرچم کو بلند کیا جس کی مثال کشمیری عوام کے سامنے ہے۔پاکستان کی ترقی وخوشحالی سے کشمیر کی ترقی و خوشحالی مضمر ہے ۔ ان خیالات کا اظہار قائد ایوان سینیٹ راجہ محمد ظفرالحق نے چوہدری غلام عباس کی 50 ویں برسی کے حوالے سے پاکستان مسلم لیگ (ن) آزاد جموں وکشمیرکے زیر اہتمام منعقد ہ اجتماع سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

راجہ محمد ظفرالحق نے کہا کہ چوہدری غلام عباس نے اپنی پوری زندگی قیام پاکستان اور کشمیر کی آزادی کیلئے وقف کر دی تھی ۔1978 میں جب میں اپنے کچھ دوستوں کے ساتھ دہلی گیا تو شیخ عبداللہ کے بیٹے فاروق عبداللہ کے ساتھ ملاقات کی تو انہوں نے کہا کہ ان کے والد کا بھارت کا ساتھ دینے کا فیصلہ غلط تھا اور چوہدری غلام عباس نے جو فیصلہ کیا تھا وہ بالکل ٹھیک تھا بھارت کا اتنا ساتھ دینے کے باوجود بھی جب دہلی آتے ہیں تو ہمیں جاسوس تصور کیا جاتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اقوام متحدہ و دیگر بین الاقوامی اہم فورمز پر بھرپور انداز سے اٹھایا جاتا ہے ۔پاکستان مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق اور کشمیر عوام کی حق خود ارادیت کے تحت حل کرنے پر زور دیتا ہے ۔ راجہ محمد ظفرالحق نے کہا کہ چوہدری غلام عباس کی برسی کے حوالے سے اتنے بڑے اجتماع کا انعقاد کشمیری عوام کا پاکستان سے وابستگی اور ہمارے قائد نواز شریف کے ساتھ محبت کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔

چوہدری غلام عباس کے چہرے پر عظمت اور جلال عیاں تھا ، لیڈر شپ ،مستقل مزاجی اور دور اندیشی کی خصوصیات ان میں نمایاں تھیں ۔ انہوںنے کہا کہ جن حالات کا ہمیں سامنا ہے بہتری کیلئے ہم سب کو ملکی مفاد میں فیصلے کرنے ہوں گے ، اب عام آدمی کو غلط اور صحیح کی پہچان ہو گئی ہے ۔راجہ محمد ظفرالحق نے کہا کہ قیام پاکستان کے بعد ملک کے مختلف حصوں میں مسلم لیگ کا قیام عمل میں لایا گیا اور آزاد کشمیر میں مسلم لیگ کا قیام پاکستان کے ساتھ الحاق کی ضمانت ثابت ہوا ۔

آزادکشمیر میں ٹھہرائو و مضبوطی سے پاکستان میں بہتری آئے گی اور گزشتہ انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کی آزاد جموں و کشمیر میں کامیابی ایک بڑا کارنامہ تھا ۔ خد اپاکستان کا کشمیر کے ساتھ جسمانی ، روحانی اور نظریاتی رشتے کو قائم رکھے ۔ اجتماع سے وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چوہدری غلام عباس کی کشمیر میں پیدائش ہمارے لیے خوش قسمتی سے کم نہیں ہے جو وقار اور لیڈرشپ ان میں تھی وہ کسی اور لیڈر میں نہیں دیکھی گئی ۔

مقبوضہ کشمیر کی آزادی کیلئے جتنی نسلوں کی قربانی دینی پڑی آزادی حاصل کریں گے ۔ قائداعظم محمد علی جناحؒ نے جب 1944 میں سری نگر کا دورہ کیا تھا تو کشمیر ی عوام نے اسی وقت الحاق پاکستان کا فیصلہ کر لیا تھا ۔ وزیر کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ چوہدری غلام عباس کی قیام پاکستان اور کشمیر کا پاکستان سے الحاق کیلئے کوششیں قابل تحسین ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبوں کی تکمیل سے پاکستان کی تقدیر بدل جائے گی اور سابق وزیراعظم نوازشریف کی قیادت نے ملک کو درپیش مسائل دہشت گردی ودیگر کیلئے تمام سیاسی جماعتوںکو نہ صرف اکھٹا کیا بلکہ معاشی استحکام بھی میسر کیا ۔ اجتماع سے آزاد جموں و کشمیر کے مختلف ورزاء نے بھی خطاب کرتے ہوئے چوہدری غلام عباس کی سیاسی خدمات کوخراج عقیدت پیش کیا۔

اس موقع پر چار مختلف قرار دادیں بھی پیش کی گئیں ۔ جن میں تحریک آزادی کشمیر و الحاق پاکستان کے بانی رہنما رئیس الاحرار ، قائد ملت چوہدری غلام عباس کی قومی و ملی خدمات پر زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا اور ان کی جرات ،حق گوئی اور بے باکی کو سراہا گیا ۔ قرار دادوں میں ان کی پاکستان میں جمہوریت اور جمہوری قوتوں کے فروغ کیلئے اقدامات اور ان کی سیاسی بصیرت اور حکمت کو خراج عقیدت بھی پیش کیا گیا ۔

قرار دادوں میں سات لاکھ بھارتی افواج کی مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت کی شدید مذمت کی گئی اور کہا گیا کہ خطے میں پائیدار امن کے تمام راستے کشمیر سے گزرتے ہیں مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے کشمیر ی عوام کے بنیادی حق خود ارادیت کو تسلیم کرایا جائے ۔ قراداروں میں کہا گیا کہ آئے روز سیز فائر لائن اور ورکنگ باونڈری پر بلااشتعال فائرنگ کی بھرپور مذمت کرتا ہے ۔

یہ قرار داد بھی پاس کی گئی کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) آزاد جموں وکشمیر کے کارکنان صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) اور سابق وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہیں وہ کشمیر ی عوام کے محسن ہیں اور ملک کی معاشی ، اقتصادی ترقی و خوشحالی اور جمہوری اداروں کی بالادستی کیلئے نواز شریف کے اقدامات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا جاتا ہے ۔ اجتماع کے آخر میں چوہدری غلام عباس کی مغفرت کیلئے دعا بھی کی گئی ۔