دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ عوام کے تعاون سے جیتیں گے ،

چرچ حملے میں مارے جانے والوں کے لواحقین اور زخمیوں کو معاوضہ دیا جائے گا، ہماری سکیورٹی فورسزکا مورال بلند ہے ،پولیس کو مزید سہولیات سے لیس کریںگے ، وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری کی سول ہسپتال کوئٹہ کے ٹراما سینٹر میں گرجا گھر حملے میں زخمی ہونے والے افراد کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو

پیر 18 دسمبر 2017 15:45

دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ عوام کے تعاون سے جیتیں گے ،
کوئٹہ۔ 18دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 دسمبر2017ء) وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ جیتیں گے، سکیورٹی فورسز نے جس طرح چرچ میں دہشتگردوں کو جنم واصل کیا اور بڑے پیمانے پر جانی نقصان سے بچت ہوئی اس پر پولیس کے لیے پندرہ لاکھ اور دہشت گردی کے افسوس ناک واقعے میں مارے جانے والے افراد کے لئے فی کس 10لاکھ جبکہ زخمیوں کو 5 لاکھ روپے معاوضہ دیا جائے گا،ان خیالات کااظہار انہوں نے پیر کو سول ہسپتال کوئٹہ کے ٹراما سینٹر میں گرجا گھر حملے میں زخمی ہونے والے افراد کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، اس موقع پرچیف سیکرٹری اورنگزیب حق ،آئی جی پولیس معظم جاہ انصاری، وزیر صحت رحمت صالح بلوچ ،اراکین صوبائی اسمبلی طاہر محمودخان، انیتا عرفان ، وزیراعلیٰ بلوچستان کے کوارڈنیٹر مرزا شمشاد مغل، ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشن شہزذاہ فرحت احمد زئی سمیت دیگر حکام بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا کہ بزدل دہشت گردوں نے معصوم اور بے گناہ افراد کی جانیں لی ہیں تاہم گزشتہ روز ہمارے پولیس کے جوانوں نے جس طرح اپنی جانوں پر کھیل کر دہشت گردوں کو چرچ کے اندر داخل ہونے سے قبل ہی جنم واصل کردیا اسی طرح دہشت گردی کے خلاف جنگ عوام کے تعاون سے جیت جائیں گے، چرچ کے اندر خواتین بچے اور دیگر افراداپنی عبادت میں مصروف تھے کہ دہشت گردون نے ان پر حملہ کیا تاہم اللہ تعالیٰ کے کا فضل ہوا کہ دہشت گرداندر داخل نہ ہوسکا ،وزیراعلیٰ نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا کہ چرچ پر حملے کے وقت پولیس کے بہادر جوان نے پندرہ منٹ تک دہشت گردوں سے مردانہ وار مقابلہ کیا، حکومت اس اہلکار کو صدراتی ایوارڈ کے ساتھ ساتھ 15لاکھ روپے انعام دے گی ،مارے جانے والے افراد کے لئے فی کس 10لاکھ جبکہ زخمیوں کو فی کس 5لاکھ روپے ادا کی جائے گی ،وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہر ی نے کہا کہ میں نے امن وامان کے حوالے سے اجلاس طلب کرلیا ہے پولیس کو مزید سہولیات فراہم کریںگے تاکہ وہ دہشت گردی کے خاتمے میں بھر پور طور پر اپنا کردار ادا کرسکے،انہوں نے کہا کہ ماضی کے مقابلے میں ہمارے سکیورٹی فورسز کا مورال بلند ہے ،ایک سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ نواب ثناء اللہ خان زہری نے بتایا کہ سول ہسپتال کے ٹراما سینٹر کو مزید بہتر بنائیں گے تاکہ کسی بھی ایمرجنسی میں زخمیوں کو بروقت طبی سہولیات فراہم کیا جاسکیں، اس سے قبل وزیراعلیٰ بلوچستان کی سول ہسپتال آمد کے موقع پرضلعی انتظامیہ اور پولیس نے سخت حفاظتی انتظامات کئے تھے۔