معذور فلسطینی حریت پسند تحریک آزادی کی علامت بن گیا

شہید ابوتورایہ کی دونوں ٹانگیں 2008 کی اسرائیلی بمباری میں ضائع ہوگئیں تھیں،رپورٹ

پیر 18 دسمبر 2017 15:19

غزہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 دسمبر2017ء) غاصب اسرائیلی افواج کی ریاستی دہشت گردی میں جام شہادت نوش کرنے والے معذور فلسطینی کارکن ابراہیم ابوتورایہ احتجاج کی نئی علامت بن گئے ۔میڈیارپورٹس کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کئے جانے کے بعد فلسطین سمیت دنیا بھر میں احتجاج اور امریکی فیصلے پر تنقید جاری ہے، جمعہ کو غزہ میں اسرائیلی سیکیورٹی افواج نے احتجاج کرنے والے نہتے فلسطینوں پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں دونوں پیروں سے معذور فلسطینی کارکن ابراہیم ابو تورایہ سمیت کئی افراد شہید ہوگئے تھے، شہید ابراہیم ابو تورایہ کی دونوں ٹانگیں 2008 میں فلسطینی آبادیوں پر ہونے والی اسرائیلی بمباری میں ضائع ہوگئیں تھیں۔

(جاری ہے)

احتجاج کرنے والے نہتے فلسطینیوں کا کہنا تھا کہ شہید ہونے والے ہرفلسطینی کی شہادت کے بعد ارض فلسطین پر ہماری جڑیں مضبوط سے مضبوط تر ہوتی جارہی ہیں، صیہونی جتنے فلسطینیوں کو شہید کریں گے اتنا ہی ہمارا جذبہ تروتازہ ہوتا جائے گا۔اپنی شہادت سے کچھ دیر قبل ایک ویڈیو میں شہید ابراہیم نے امریکا کو اپنے پیغام میں واضح کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ ہمارا ملک ہے اور ہم اس سے کبھی دستبردار نہیں ہوں گے، امریکا کو اپنا فیصلے واپس لینا پڑے گا۔

متعلقہ عنوان :