چین اسلام آباد میں پہلے قومی عجائب گھر کی تعمیر میں فنی وتکنیکی معاونت فراہم کرے گا

مشیر وزیراعظم عرفان صدیقی سے ہوانگ زینگ چن کی قیادت میںچھ رکنی چینی وفد کی ملاقات میں اتفاق ورثہ وثقافت کے شعبہ میں وسیع تعاون کے لئے ایم او یو پر دستخط عرفان صدیقی کے دورہ بیجنگ کے دوران ہوں گے اشتراک عمل کے لئے دونوں ممالک کے متعلقہ حکام پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی جائے گی

پیر 18 دسمبر 2017 15:02

چین اسلام آباد میں پہلے قومی عجائب گھر کی تعمیر میں فنی وتکنیکی معاونت ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 دسمبر2017ء) چین اسلام آباد میں پہلے قومی عجائب گھر کی تعمیر میں فنی وتکنیکی معاونت فراہم کرے گا۔ اس مقصد کے لئے دونوں ممالک کے ماہرین اور متعلقہ حکام پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی جائے گی جو باہمی اشتراک سے کام کرے گی۔ یہ اتفاق چین کے نیشنل میوزیم کے وفد کی مشیروزیراعظم عرفان صدیقی سے ملاقات میں طے پایا۔

ہوانگ زینگ چن کی قیادت میں چھ رکنی وفد نے پیر کو قومی تاریخ وادبی ورثہ ڈویژن میں مشیر وزیراعظم سے ملاقات کی۔ عرفان صدیقی نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہاکہ ہمارے لئے چین دوسرے گھر اور چینی عوام بااعتماد دوست کا درجہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے اسلام آباد میں نیشنل میوزیم کی تعمیر کے حوالے سے چین کے نیشنل میوزیم کی جانب سے فنی اور تکنیکی تعاون کی فراہمی میں دلچسپی کو سراہتے ہوئے کہاکہ چینی ماہرین کا تجربہ اورمہارت اسلام آباد میں عجائب گھر کے قیام میں نہایت معاون ثابت ہوگی جس کا سنگ بنیاد آئندہ سال رکھا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے دونوں ممالک کے عجائب گھروں اور ورثہ وثقافت کے مختلف شعبوں میں تعاون کے حوالے سے مفاہمت کی یاداشت (ایم اویو) کی تیاری پر بھی مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ایم او یو دونوں ممالک کے درمیان نہ صرف تاریخی وثقافتی تعاون کا ذریعہ بنے گا بلکہ علم وادب اور فنون لطیفہ میں بھی وسیع تر اشتراک عمل کی راہ ہموار کرے گا۔ وفد کے سربراہ ہوانگ زینگ چن نے پرتپاک میزبانی پر مشیروزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں چین کے نیشنل میوزیم کے دورہ کی دعوت دی اور کہاکہ ان کی چین آمد پر مفاہمت کی یاداشت پر دستخط دونوں ممالک کے درمیان فن وثقافت کے شعبہ میں تعاون کی نئی راہیں کھول دے گا۔

انہوں نے اسلام آباد میں قومی عجائب گھر کی تعمیر کے لئے قومی تاریخ وادبی ورثہ ڈویژن کے منصوبہ کی تعریف کرتے ہوئے اس میں چین کی جانب سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ۔ہوانگ زینگ چن نے چین میں قائم مختلف میوزیمز کے بارے میں بریفنگ دی۔قبل ازیں وفد نے سیکریٹری قومی تاریخ وادبی ورثہ ڈویژن انجینئر عامر حسن سے بھی ملاقات کی۔ قومی تاریخ وادبی ورثہ ڈویژن کے جوائنٹ سیکریٹری کیپٹن (ر) عبدالمجید نیازی، ڈپٹی سیکریٹری محمد بخش سانگی، ڈیپارٹمنٹ آف آرکیالوجی اینڈ میوزیمز کے ڈائریکٹر عبدالعظیم اور دیگر حکام بھی ملاقات میں موجود تھے۔