وزیراعلیٰ بلوچستان نے سیکورٹی پلان کا ازسرنو جائزہ لینے اور صوبے بھر کے گر جا گھروں سمیت حساس تنصیبات، تعلیمی اداروں اور صحت کے مراکز کی سیکورٹی فول پروف بنانے کی ہدایت کی ہے، ترجمان حکومت بلوچستان انوار الحق کاکڑ کی ’’اے پی پی ‘‘سے گفتگو

پیر 18 دسمبر 2017 14:14

وزیراعلیٰ بلوچستان نے سیکورٹی پلان کا ازسرنو جائزہ لینے اور صوبے بھر ..
کوئٹہ۔ 18دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 دسمبر2017ء) ترجمان حکومت بلوچستان انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ کوئٹہ میں گرجا گھر پر دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے کے بعد وزیراعلیٰ نواب ثناء اللہ خان زہری نے انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان کو سیکورٹی پلان کا ازسرنو جائزہ لینے اور صوبے بھر کے گرجا گھروں سمیت تمام عبادت گاہوں، پبلک مقامات، حساس تنصیبات، تعلیمی اداروں اور صحت کے مراکز کی سیکورٹی فول پروف بنانے کی ہدایت جاری کی ہے۔

اس ضمن میں کوئی بھی کوتاہی اور غفلت برداشت نہیں کی جائے گی، سماج کے تمام طبقات کا تحفظ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے جسے احسن طریقے سے نبھانے کیلئے صوبائی حکومت ،قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر مربوط اقدامات اٹھارہی ہے۔

(جاری ہے)

یہ بات انہوں نے پیر کو ’’اے پی پی‘‘سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ترجمان صوبائی حکومت انوارالحق کاکڑنے کہا کہ کوئٹہ اور گوادر سمیت صوبے بھر میں اسنیپ چیکنگ، پولیس اور فرنٹیئرکور کے گشت کو مزید موثر بنانے اور گرجا گھروں کی خصوصی سیکورٹی کو یقینی بنانے کیلئے جامع حکمت عملی مرتب کی گئی ہے تاکہ کرسمس کے موقع پر کسی بھی قسم کے حادثے سے بچاجاسکے۔

انہوں نے کہا کہ تاجر برادری اور زندگی کے تمام طبقات کے افراد کی ذمہ داری ہے کہ وہ کسی بھی مشکوک شخص یا چیز کی اطلاع فوراً متعلقہ تھانے اور پولیس ہیلپ لائن پر دیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقع سے بچا جاسکے۔

متعلقہ عنوان :