قائداعظم کے یوم ولادت کی تقریبات کو اس سال قومی جوش و جذبے اور شایان شان انداز میں منانے کا اہتمام

پی ٹی وی اور ریڈیو پاکستان سمیت ذرائع ابلاغ پر بابائے قوم کی زندگی اور خدمات کے بارے میں پروموز اور دیگر نشریات کا آغاز، کوئز پروگرامز‘ تقریری مقابلوں اور ملی نغموں کا بھی اہتمام

پیر 18 دسمبر 2017 14:14

قائداعظم کے یوم ولادت کی تقریبات کو اس سال قومی جوش و جذبے اور شایان ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 دسمبر2017ء) بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کے یوم ولادت کی تقریبات کو اس سال یادگار موقع بنانے کیلئے ’’ہمارا قائد اور میں ہوں قائد کا پاکستان‘‘ کے موضوع کے ساتھ قومی جوش و جذبے اور شایان شان انداز میں منایا جا رہا ہے، پی ٹی وی اور ریڈیو پاکستان سمیت ذرائع ابلاغ پر بابائے قوم کی زندگی اور خدمات کے بارے میں پروموز اور دیگر نشریات کے آغاز اور اس کے ساتھ ساتھ تقریبات کے موضوع کو بھی اجاگر کیا جارہا ہے۔

بابائے قوم کی زندگی اور سیاسی جدوجہد کے حوالے سے نوجوانوں میں آگہی پیدا کرنے کیلئے کوئز پروگرامز ‘ تقریری مقابلوں اور ملی نغموں کا بھی اہتمام کیا جارہا ہے ۔واضح رہے کہ وزیر مملکت اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کی زیر صدارت حالیہ منعقدہ اعلیٰ سطح کے اجلاس میں انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی تھی کہ قائد کی سالگرہ کی تقریبات کو اس سال یادگار موقع بنانے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔

(جاری ہے)

بالخصوص قانون کی حکمرانی اور آئین و جمہوریت کی بالادستی کے حوالے سے بابائے قوم کے اعلیٰ تصورات اور خیالات کو اجاگر کیا جائے۔ اس موقع پر ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلی کیشنز قائد کی زندگی کے بارے میں نادر تصاویر، پینٹنگز اور خطاطی کی نمائش کے ساتھ ساتھ سکول کے بچوں کے مابین مصوری اور مضمون نویسی کے مقابلوں کا اہتمام کررہا ہے جبکہ پی این سی اے اور لوک ورثہ نے بھی ثقافتی نکتہ نظر کے ذریعے معاشرے کے مختلف طبقات میں امن ، ہم آہنگی، یکجہتی کے فروغ کے مقصد کے ساتھ اس دن کو منانے کیلئے خصوصی انتظامات اور پروگراموں کا اہتمام کیا ہے۔

وزارت کے تمام متعلقہ محکمے، سوشل میڈیا اور اپنی آفیشل ویب سائٹس پر قائداعظم کے پوسٹروں، اقوال اور تقاریر کے ذریعے تقریبات کے موضوع کو اجاگر کر رہے ہیں۔ ان تمام تقریبات میں نوجوانوں پر خصوصی توجہ مرکوز کی جا رہی ہے تاکہ عظیم بصیرت انگیز رہنما کے اعلیٰ تصورات کو نئی نسل تک منتقل کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :