لنک روڈ کے دکانداروں اور سابق ناظم نے نالوں پر تجاوزات کے خلاف آپریشن کو بلاتفریق مکمل کرنے کا مطالبہ کردیا

پیر 18 دسمبر 2017 13:07

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 دسمبر2017ء) سینا لیبارٹری چوک میں لنک روڈ کے دکانداروں اور سابق ناظم نے نالوں پر تجاوزات کے خلاف آپریشن کو بلاتفریق مکمل کرنے کا مطالبہ کر دیا۔ تاجروں کا کہنا ہے کہ آپریشن سے دکانداروں کے روزگار تباہ ہوگئے ہیں، آپریشن میں بعض لوگوں کو چھوڑ دیا جاتا ہے، نالوں پر تجاوزات کے خلاف آپریشن خوش آئند ہے لیکن آپریشن بلاامتیاز ہونا چاہئے، نالوں کے اوپر حفاظتی جنگلہ بھی فوری لگایا جائے۔

ان خیالات کا اظہار سابق ناظم کیہال خورشید محمد اور سینا لیبارٹری چوک کے دکانداروں حاجی بشیر، زاہد عباسی، شیراز اعوان، محمد شہزاد، جہانگیر خان، نوید اعوان، محمد شفیق، شوکت، روزی خان، جاوید خان اور جاوید سیٹھی نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ٹی ایم اے کی طرف سے نالوں پر تجاوزات کے خلاف آپریشن خوش آئند ہے لیکن آپریشن میں امتیازی سلوک ہر گز قبول نہیں کیا جائے گا۔

ٹی ایم اے پورے لنک روڈ پر بلاامتیاز آپریشن مکمل کرے۔ انہوں نے کہا کہ سینا لیبارٹری چوک میں آپریشن کی وجہ سے دکانداروں کے کاروبار تباہ ہو کر رہ گئے ہیں، نالے کھول دینے سے کسی بھی وقت کوئی ان میں گر کر زخمی ہو سکتا ہے اس لئے ٹی ایم اے نالوں کے اوپر فوری طور پر حفاظتی جنگلے لگوائے ۔