کھلی کچہری کا مقصد عوام کے مسائل سننا اوران کے حل کیلئے کوششیں کرناہوتاہے‘ڈاکٹر میاں سعید احمد

پیر 18 دسمبر 2017 12:12

مردان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 دسمبر2017ء)ڈی پی او ڈاکٹر میاں سعید احمد نے تھانہ طورو میں کھلی کچہری کاانعقاد کیا۔ پولیس ترجمان کے مطابق تھانہ طورو میں کھلی کچہری کاانعقاد کیا گیاجس میں ڈی ایس پی شیخ ملتون سرکل سیف اللہ خان، ایس ایچ اوتھانہ طورو بشیر خان، ایس ایچ او تھانہ شیخ ملتون نیک سر علی کے علاوہ ضلع و تحصیل ناظمین،کونسلران سمیت عمائدین علاقہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

ضلعی پولیس سربراہ نے کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس کا مقصد عوام الناس تک پولیس کی رسائی اور ان کے مسائل اور تجاویز سننا اور اس کے مطابق جرائم کی روک تھام اور قیام امن کیلئے عوام کا تعاون حاصل کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ معاشرتی جرائم، ہوائی فائرنگ اور سود خوری کرنے والوں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں کی جائے گی۔

(جاری ہے)

جواء خانہ، منشیات کے اڈوں کا خاتمہ مقامی ایس ایچ او کی ذمہ داری ہے۔

اس موقع پر عمائدین علاقہ، عوامی نمائندوں اور مختلف مکتبہ فکر کے لوگوں نے پولیس کیساتھ ہر قسم معاشرتی جرائم کی روک تھام کیلئے بھر پور تعاون کرنے کا عزم کیا۔ضلعی پولیس سربرا ہ ڈاکٹر میاں سعید احمد نے علاقے میں مصروف شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی اور حادثات پر قابو پانے کیلئے ٹریفک پولیس اہلکاروں کے تعیناتی، پولیس چوکیوں کو فعال بنانے اور پولیس پیٹرولنگ میں اضافہ کرنے کے احکامات بھی جاری کئے۔ انہوں نے کہا پولیس تمام تر دستیاب وسائل کو بروئے کا ر لاتے ہوئے عوام الناس کوہر قسم سہولیات فراہم کرے گی اور اخلاقی قدروں کو مدنظر رکھ کر قوم کی خدمت اور رہنمائی کرے گی۔