جب جمہوری نظام پر خطرات کی تلوار لٹکتی ہے اس کے اثرات پارلیمنٹ ، پورے ملک پر دکھائی دیتے ہیں، مشکلات کے باوجود پارلیمنٹ اپنی مدت پوری کرے گی،چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی

تعلیم اور دیگر شعبوں میں خواتین اپنی برتری ثابت کر رہی ہیں ، کاروباری شعبے میں بھی ان کی دلچسپی قابل تعریف ہے، کھیتوںاور اینٹوں کے بھٹوں پر کام کرنے والی خواتین کے حقوق کا تحفظ ہمارا فرض ہے،گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ

اتوار 17 دسمبر 2017 23:00

! راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 دسمبر2017ء) چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ جب جمہوری نظام پر خطرات کی تلوار لٹکتی ہے اس کے اثرات نہ صرف پارلیمنٹ پر بلکہ پورے ملک پر دکھائی دیتے ہیں، مشکلات کے باوجود پارلیمنٹ اپنی مدت پوری کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آل پاکستان ویمن چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی صدور کی سربراہ کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس کا اہتمام راولپنڈی اور اسلام آباد کے ایوان صنعت وتجارت نے کیا تھا۔

گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ اور صدر ایوان صنعت و تجارت راولپنڈی زاہد لطیف خان اور خواتین چیمبرز آف کامرس کی صدور کے ہمرا ہ راولپنڈی میں دو روزہ آل پاکستان وویمن چیمبرز پریذیڈنٹس سمٹ کا افتتاح کیا۔

(جاری ہے)

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ قانون کی بالادستی اور معاشرے کے تمام طبقات کیلئے احتساب کے یکساں نظام کے نفاد کے بغیر ملک ترقی کی منازل طے نہیں کرسکتا۔

اگر قانون کی بالادستی نہیںہوگی تو نظام پائیدار نہیں ہوسکتا جو ملک میں اقتصادی ترقی اور سماجی خوشحالی کے لئے اہمیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ کی تیاری کے عمل میں کاروباری برادری سے مشاورت اور ان کی تجاویز کو پارلیمانی کمیٹیوں کو شامل کرنا چاہئے کیونکہ درست فیصلہ سازی کیلئے یہ عمل بہت اہمیت رکھتا ہے اور افراتفری فیصلے اجتماعی فیصلہہ سازی کا بدل نہیں ہوسکتے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں جمہوریت انٹرول کے طور پر آئی اور آمرانہ ادوار نے ہر 10 سال بعد جمہوری نظام میں مداخلت کی اور طویل عرصہ تک حکمرانی کی۔ میاں رضا ربانی نے کہا کہ قوانین آبادی کے نصف حصہ پر مشتمل ہیں اور زندگی کے مختلف شعبوں میں اپنا موثر کردار ادا کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی عمل میں خواتین کے واقعوں کو مزید بڑھا کر انہیں اقتصادی استحکام اور بحالی کی کوششوں میں اپنا موثر کردار ادا کرنے کے قابل بنایا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک مشکلات کا شکار ہے لیکن جمہوری عمل کا تسلسل رہنا چاہئے تاکہ قومی ترقی اور اقتصادی خوشحالی کو نقصان نہ پہنچنے۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری کو ملک کی اقتصادی سرگرمیوں کے فروغ میں سہولت دینے کیلئے متعلقہ اداروں کو چاہئے کہ وہ کاروباری برادری کا اعتماد بحال کرے۔تقریب سے گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم اور دیگر شعبوں میں خواتین اپنی برتری ثابت کر رہی ہیں اور کاروباری شعبے میں بھی ان کی دلچسپی قابل تعریف ہے۔

انہوں نے کہاکہ دیہی علاقوں میں کھیتوںاور اینٹوں کے بھٹوں پر کام کرنے والی خواتین کے حقوق کا تحفظ بھی ہمارا فرض ہے اور حکومت کے ساتھ ساتھ تمام ادارے اس حوالے سے ایسی تمام خواتین کو بھی معاشی ترقی کے دھارے میں لائیں۔ انہوں نے خواتین کے حقوق کے لئے قوانین سازی کا بھی ذکر کیا اور امید ظاہر کی کہ وہ قومی ترقی میں بھرپور کردار ادا کریں گی۔

انہوںنے کہاکہ کاروباری طبقہ کی بداعتمادی دور کرنے کے لئے متعلقہ اداروںکا فعال کردار ناگزیر ہے اور کاروباری ترقی کے لئے مطلوبہ سہولیات کا حصول بھی کاروباری افراد کا بنیادی حق ہے ۔ گورنر پنجاب نے کہاکہ ملک چلانے کے لئے تاجربرادری کا کردار نمایاںہے جس سے ملک کی معیشت پر اثر پڑتا ہے اور ملازمتوںاور کاروبار کے مواقع بھی پیدا ہوتے ہیں۔

انہوں نے اس موقع پر قومی ترقی اور معاشی استحکام میں تاجربرداری کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ مشکلات کے باجود کاروباری طبقے کی کاوشیں حو صلہ افزاء ہیں۔ سینیٹر نجمہ حمید نے کہا کہ خواتین کا بزنس میں آنا اور چیمبرز میں خواتین کو مناسب حصہ دینا خوش آئندہے اور اس سے ہنر مند خواتین کو آگے آنے اور کاروباری سرگرمیوںمیں حصہ لینے کے مواقع حاصل ہوںگے۔

صدر ایوان صنعت و تجارت راولپنڈی زاہد لطیف خان نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کو صنعت و تجارت اور کاروباری سرگرمیوں میں بھرپور شرکت کے مواقع فراہم کرنے کے لئے ہر ممکن حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے اور انہیں درپیش مشکلات کے حل کے لئے متعلقہ محکموںاور اداروں کا تعاون حاصل کیا جا رہا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ خواتین کو کاروباری معلومات کی فراہمی کے لئے ایوان صنعت میں انکوبیٹر سینٹرز قائم کئے گئے ہیں اور مختلف نوعیت کی سرگرمیوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔

مختلف ملکوں کے سفیروں نے بھی تقریب سے خطاب کیا اور خواتین کو کاروباری سرگرمیوں میں خو ش آمدید کہا۔ قبل ازیںچیئرمین نے گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ اور صدر ایوان صنعت و تجارت راولپنڈی زاہد لطیف خان اور خواتین چیمبرز آف کامرس کی صدور کے ہمرا ہ راولپنڈی میں دو روزہ آل پاکستان وویمن چیمبرز پریذیڈنٹس سمٹ کا افتتاح کیا۔ افتتاحی تقریب میں راولپنڈی اور اسلام آباد چیمبر ز آف کامرس کے عہدیدارن کے علاوہ، سینیٹر نجمہ حمید ، سینیٹر میاں عتیق ، ملک بھر سے خواتین چیمبرز آف کامرس کی صدور ثمینہ منصور ،شریں ارشد ، مسز فردوسی فضل، مسز رخسانہ فردوس ، مسز فلحت عمران ، زاہد ہ افتخار،مسز فلضہ ممتاز ، نزہت روئف ، عابدہ گلزار، اسما کنول ، مختلف ملکوں کے سفیروں ،ڈپٹی کمشنر راولپنڈی طلعت محمود گوندل اور ممبران چیمبرزکے علاوہ مختلف شعبہ زندگی کی نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔

اس موقع پر خواتین چیمبرز کی صدور اور خواتین رہنماوں میں شیلڈز تقسیم کی گئیں۔