نصیرآباد جعفرآباد صحبت پور اضلاع کے تمام کلسٹر ہیڈ ٹیچرز کی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا

اتوار 17 دسمبر 2017 22:42

ڈیرہ مراد جمالی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 دسمبر2017ء)صوبائی سیکریٹری تعلیم عبدالفتح بھنگر نے اسمبلی ہال ڈیرہ مراد جمالی میں نصیرآباد جعفرآباد صحبت پور اضلاع کے تمام کلسٹر ہیڈ ٹیچرز کی کانفرنس کا انعقاد کرایا جس میں تمام کلسٹر ہیڈ ٹیچرز نے سیکریٹری تعلیم کو اپنے اپنے درپیش مسائل اورتعلیمی صورتحال سمیت دیگر مسائل سے بھی آگاہ کیا گیا۔

صوبائی سیکریٹری نے فرداً فرداً کلسٹر ہیڈ ٹیچرز سے اسکولوں کی کاکردگی کی رپورٹ طلب کی۔ اس کانفرنس میں ایڈیشنل ڈائریکٹر تعلیم نظام الدین مینگل، ڈویژن ڈائریکٹر اسکولز محمد رفیق، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر فیض اللہ کاکڑ، ملامحمد عمرانی اور محمد ضیاع مینگل سمیت دیگر شامل تھے۔ صوبائی سیکریٹری تعلیم عبدالفتح بھنگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت نے تعلیمی میدان میں انقلابی اقدامات اٹھائے ہیں اور تمام ہائی اسکولز کے پرنسپل اور ہیڈماسٹرز کو خودمختار بنادیا گیا ہے تاکہ تعلیمی معیار میں بہتری لائی جاسکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صوبے میں تعلیمی معیار کو مزید بہتر بنانے کے لئے جو ہمیں ٹاسک دیا گیا ہے اس کو پورا کرنے میں تمام پرنسپلز ہیڈماسٹرز کو سخت سے سخت محنت کرنی پڑے گی۔ حکومت تعلیمی اداروں کو تمام وسائل فراہم کررہی ہے ۔ ہم نصیرآباد ڈویژن کو تعلیم کے میدان میں ایک چمکتا ہوا ڈویژن دیکھنا چاہتے ہیں جس کے لئے آپ سب کو کردار ادا کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ میرے دورے کا مقصد بھی یہی ہے کہ یہاں آکر مسائل معلوم کروں، تعلیم کے ساتھ ساتھ نصابی سرگرمیوں کا ہونا بھی انتہائی لازمی ہے۔ ہم نصابی وغیرنصابی سرگرمیوںکی بدولت بچے مستقبل کے چیلنجز کا مقابلہ کرسکتے ہیں۔ انہوں نے آفیسران پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کیڈٹ کالج کی سطح پر بچوں کو بہتر سے بہتر تعلیم دی جائے اور جو اساتذہ اپنی ڈیوٹیاں نہیں دیتے ہیں ان کی تنخواہیں کاٹی جائیں ۔ صوبائی سیکریٹری نے تمام کانفرنس کے شرکاء سے عہد لیا کہ وہ اپنے فرائض منصبی دیانت داری کے ساتھ سرانجام دیتے ہوئے تعلیم کے فروغ کے لئے بھرپور محنت کروگے۔