تعلیم کا حصول ہر مردوخواتین پر فرض ،خصوصاً خواتین کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنا اسلامی معاشرے کا نصب العین ہے،ڈاکٹر رقیہ سعید ہاشمی

اتوار 17 دسمبر 2017 22:42

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 دسمبر2017ء) رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر رقیہ سعید ہاشمی نے کہا کہ تعلیم کا حصول ہر مردوخواتین پر فرض ہے اور خصوصاً خواتین کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنا اسلامی معاشرے کا نصب العین ہے۔ یہ بات رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر رقیہ سعید ہاشمی نے کوئٹہ میں نجی اسکول کی سالانہ تقریب اسناد کے موقع پر کہی۔ انہوں نے کہا کہ ملک اور صوبے میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ میں نجی تعلیمی اداروں کی کارکردگی خوش آئند ہے جس طرح صوبے مین نجی تعلیمی ادارے پسماندہ علاقوں کے طلباء وطالبات کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ نئی ٹیکنالوجی کے تحت اعلیٰ تعلیم کے زیور سے آراستہ کررہے ہیں قابل ستائش ہے۔

امید ہے کہ آئندہ بھی جیک ملک وصوبہ کی تعمیر وترقی میں ان اداروں کی کاوشیں مؤثر ثابت ہوں گی اور ان تعلیمی اداروں سے ملک وصوبے کے مستقبل کے معماروں کی بہتر رہنمائی ہوگی جو مستقبل میں ملک وصوبے کی باگ ڈور سنبھالنے کے قابل ہوں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے حکومت کی جانب سے نجی تعلیمی اداروں کی حوصلہ افزائی کی یقین دہانی کرائی۔ اسکول کی پرنسپل حنا کمال اور دیگر نے اسکول کی کارکردگی، نصابی اور غیرنصابی سرگرمیوں کے حوالے سے آگاہ کیا۔

اس موقع پر اساتذہ کرام اور والدین کی کثیر تعداد موجود تھی۔ تقریب کے آخر میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء وطالبات میں اسناد وشیلڈ تقسیم کئے گئے۔ تقریب میں اسکول کے طلباء وطالبات نے قومی نغمے اور علاقائی ثقافتی رنگ اور مختلف موضوعات پر ٹیبلو پیش کئے۔

متعلقہ عنوان :