نواز شریف کا منصوبہ کامیاب ہونے جارہا ہے ،جمہوریت کو شدید خطرات لاحق ہوچکے ہیں، شیخ رشید احمد

عدلیہ اور فوج کو تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے ، سپریم کورٹ کو پرانی حلقہ بندیوں پر ہی الیکشن کرالینے چاہیں، نجی ٹی وی سے گفتگو

اتوار 17 دسمبر 2017 22:40

نواز شریف کا منصوبہ کامیاب ہونے جارہا ہے ،جمہوریت کو شدید خطرات لاحق ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 دسمبر2017ء) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہاہے کہ نواز شریف کا منصوبہ کامیاب ہونے جارہا ہے کیونکہ جمہوریت کو شدید خطرات لاحق ہوچکے ہیں، عدلیہ اور فوج کو تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے ، سپریم کورٹ کو پرانی حلقہ بندیوں پر ہی الیکشن کرالینے چاہیں۔ اتوار کے روز نجی ٹی وی سے گفتگو میں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہاکہ فوج اور پوری قوم عدلیہ کے ساتھ کھڑی ہے ، عدلیہ اور فوج پر تنقید کی جارہی ہے ، نواز شریف کو دکھ ہے کہ حدیبیہ کیس کا فیصلہ شہباز شریف کے حق میں کیوں آیا ، نواز شریف کا اصل چہرہ اب سامنے آیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چیئرمین نیب جاوید اقبال سے جلد ملاقات کروں گا۔ انہیں بتائوں گا کہ حدیبیہ کیس میں ملی بھگت ہوئی ، صدر مملکت نے جان بوجھ کر کیس کیلئے پرانے پراسیکیوٹر دئیے، حدیبیہ کیس کے حقائق سامنے لائوں گا اور حدیبیہ کیس دوبارہ زندہ کرکے دکھائوں سگا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کیس کے ایجنڈے پر پاکستان کو غیر مستحکم کررہے ہیں، نواز شریف کا منصوبہ کامیاب ہورہا ہے کیوں کہ ملک میں جمہوریت کو شدید خطرات لاحق ہوچکے ہیں۔ شیخ رشید نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد جہانگیر ترین نے بڑے پن کا ثبوت دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نیب نے حدیبیہ کیس میں بد دیانتی کامظاہرہ کیا، نیب سے لوگوں کا اعتماد اٹھ گیا ہے۔