آپریشن ردالفساد کی کامیابیوں سے دہشت گرد بوکھلاہٹ کا شکار ہوکر آسان ہدف کو نشانہ بنارہے ہیں ،ملک میں انتشار ،خوف و ہرا س اورسسٹم کو مفلوج کرنے کی سازش کی جارہی ہے ،جسے کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے

بلوچستان کی مسیحی برادری کے رہنماؤں کی ہنگامی پریس کانفرنس

اتوار 17 دسمبر 2017 22:31

کوئٹہ۔ 17دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 دسمبر2017ء) بلوچستان کی مسیحی برادری کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ آپریشن ردالفساد کی کامیابیوں سے دہشت گرد بوکھلاہٹ کا شکار ہوکر آسان ہدف کو نشانہ بنارہے ہیں ۔ملک میں انتشار ،خوف و ہرا س اورسسٹم کو مفلوج کرنے کی سازش کی جارہی ہے جسے کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔مسیحی برادری پاکستان کی سالمیت پر کبھی آنچ نہیں آنے دے گی ۔

چرچ میں خود کش حملے میں 9افراد جاں بحق جبکہ 50سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔جاں بحق ہونے والے افراد کی آخری رسومات آج (پیر) کوادا کی جائیں گی۔ یہ بات مسلم لیگ (ن) کی رکن صوبائی اسمبلی انیتاعرفان ،پادری صائمن بشیر،ناصر مسیح ،شہزاد کندن ،بشپ امانت ،روز خان ایمووینل فرانسس اوردیگر نے اتوار کی رات کوئٹہ پریس کلب میں ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چرچ میں400سے 500لوگ موجود تھے لیکن سیکورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے مسیحی برادری کو بڑے نقصان سے محفوظ رکھا ہم صوبائی حکومت ،سول ہسپتال انتظامیہ اور شہری انتظامیہ کے بھی شکر گزار ہیں جنہو ں نے مسیحی برادری کے دکھ کی گھڑی میں بھر پور ساتھ دیا ۔ہم ملک بھر میں مسیحی برادری سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ شرانگیزی سے گریز کرتے ہوئے پرامن رہیں ۔

انہوں نے کہا کہ چرچ کی سیکورٹی سے مطمئن تھے پولیس کے 4اہلکار اندر ڈیوٹی پر موجود تھے جنہوں نے دہشت گردوں کے ساتھ مقابلہ کیا ہمیں کسی قسم کی پیشگی حملے کی اطلاع نہیں تھی نہ ہی ایسی کوئی دھمکی موصول ہوئی تھی۔ پورے بلوچستان میں مسیحی برادری کو مذہبی آزادی حاصل ہے اور کسی کے وہم و گمان میں بھی نہیں تھا کہ کوئی ایسا واقعہ پیش آسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گرد کمزور ہوکر انتشار پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں وہ چاہتے ہیں کہ لوگ خوفزدہ ہوں ہمیں آپس میں لڑایا جائے اور ملک کے سسٹم کو مفلوج کیا جائے مسیحی برادری کے ساتھ ساتھ ہر پاکستانی دہشت گردوں کے نشانے پر ہے لیکن ہم واضح کرناچاہتے ہیں کہ ہم دہشت گردوں کو ہرگز اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے اور پاکستان کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ دینے کیلئے تیار ہیں۔