صوبائی وزیر ڈاکٹر حامد خان اچکزئی کی چرچ حملے میں زخمی افراد کی عیادت

اتوار 17 دسمبر 2017 22:30

کوئٹہ۔ 17دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 دسمبر2017ء) صوبائی وزیر منصوبہ بندی وترقیات ڈاکٹر حامد خان اچکزئی نے کوئٹہ میں چرچ میں ہونے والے حملے میں زخمی افراد کی عیادت کی۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت ، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی، نیشنل پارٹی، مسلم لیگ (ن) اس حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہیں۔ دہشت گردی چاہے وہ مذہب، فرقہ واریت، آزادی، زبان یا رنگ ونسل جس نام پر بھی ہو ہم اس کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری اپنے دفاعی اداروں فوج، ایف سی، پولیس، لیویز کی مکمل سپورٹ ہے اور اپنے دفاعی اداروں کو ہرقسم کا جدید اسلحہ ہتھیار سے لیس کیاگیا ہے جس کی مدد سے ہم تقریباً دہشت گردی پر قابو پانے میں کامیاب ہوچکے ہیں۔ اور تھوڑی بہت دہشت گرد ی جو باقی ہے اس پر بھی قابو پالیا جائے گا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ایم ایس سول ہسپتال ڈاکٹر شاہجہاں پانیزئی، ڈپٹی ایم ایس ڈاکٹر نوراللہ بھی ان کے ہمراہ تھے انہوں نے ٹراما سینٹر میں زیرعلاج افراد کی عیادت کی اور کہا کہ اس مشکل گھڑی میں صوبائی حکومت مسیحی برادری کے ساتھ کھڑی ہے۔

انہوں نے مریضوں کو ہرممکنہ علاج کی یقین دہانی کروائی اور ڈاکٹرز وایم ایس کو ہدایت دی کہ زخمیوںکے علاج معالجہ میں ہرممکنہ مدد اورادویات فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔ زخمیوں کے رشتہ داروں نے ڈاکٹر ز وایم ایس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے علاج معالجہ پر اطمینان کا اظہار کیا۔

متعلقہ عنوان :