پرائیویٹ ایجوکیشن انسٹیٹیوشنز اتھارٹی کی معاونت سے نجی تعلیمی اداروں کے مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی، ملک ابرارحسین

اتوار 17 دسمبر 2017 22:11

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 دسمبر2017ء) وفاقی دارالحکومت کے نجی تعلیمی اداروں کی نمائندہ تنظیموں نے پرائیویٹ ایجوکیشن انسٹیٹیوشنز اتھارٹی کی جانب سے رجسٹریشن،ریگولیٹری اور تجدید رجسٹریشن سمیت متعدد معاملات میں بہتر کارکردگی پر خراج تحسین پیش کیا ہے اور کہاہے کہ اتھارٹی کی معاونت سے شہر کے نجی تعلیمی اداروں کے مسائل حل کرنے اور تعلیمی ترقی میں مدد ملے گی۔

گزشتہ روز یہاں منعقدہ اہم ترین اجلاس میںآل پاکستان پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن کے صدر ملک ابرارحسین،پرائیویٹ سکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری نصیر احمد جنجوعہ، سینئر نائب صدر ملک دین محمد اعوان،جنرل سیکرٹری محمد اشرف ہراج،پسما کے عہدیداران یاسر ستی، بشارت اقبال ،اسلام آباد رورل غربی کے صدر ملک شوکت علی اعوان،خزانچی قاسم عباس ،رورل شرقی کے صدر مرزا تصور حسین ، سٹی کے صدر کرنل شاہد حمید،اویس مصطفیٰ حافظ محمد ہاشم سمیت متعدد عہدیداروں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں کہاگیاہے کہ شہر کے نجی تعلیمی اداروں کو درپیش مسائل کا حل وقت کی ضرورت تھی جسے پیراکے موجودہ چیئرمین نے بہتر انداز میں حل کیاہے ، سالہا سال سے رکی ہوئی رجسٹریشن کے عمل کو جاری کرنا ،تجدید رجسٹریشن اور نجی سکولوں کے مسائل کو حل کیا گیاہے۔اجلاس میں وزیر کیڈ ،سیکرٹری کیڈ اور چیئرمین پیرا سے دیگر مسائل حل کرانے کی بھی درخواست کی گئی ہے ۔