پشتونخواملی عوامی پارٹی کی کوئٹہ گر جا گھر پر دہشتگردانہ حملے پر شدید الفاظ میں مذمت، واقعہ کو انسانیت دشمن قرار دیا

اتوار 17 دسمبر 2017 22:05

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 دسمبر2017ء) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ کے جاری کردہ بیان میں کوئٹہ گر جا گھر پر دہشتگردانہ حملے اور کرسمس کے موقع پر عیسائی برادری کو غمزدہ کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس واقعہ کو بدترین دہشتگردی اور انسانیت دشمن قرار دیا ہے جبکہ حکومتی سیکورٹی فورسز اور اداروں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ عوام کے جان ومال کی تحفظ کی آئینی وقانونی ذمہ داریوں کو پوری کرتے ہوئے دہشتگردی اور اس کے عوامل کا فوری تدارک کرتے ہوئے صوبے میں سیاسی وکاروباری سرگرمیوں کو ترک کرکے اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں پوری کرے اور ریاست اور اس کے ادارے اپنی پالیسی تبدیل کرکے انتہا پسندی ، فرقہ واریت اور دہشتگردی کی سرپرستی وحمایت ترک کرے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ہمارے ملک میں انتہا پسندی ، فرقہ واریت اور پھر دہشتگردی کی بنیادیں ملک کے آمرانہ قوتوں اور اسٹیبلشمنٹ نے اپنی استعماری ، توسیع پسندانہ عزائم کیلئے ڈالی اور گزشتہ چار دہائیوں سے اس کی ریاستی سطح پر سرپرستی اور تربیت کرکے ملک کے اندر ترقی پسند، جمہوری اور روشن فکر سیاسی تحریکوں اور عوام کیخلاف اور بیرونی سطح پر اسے اپنی توسیع پسندانہ عزائم کیلئے ہمسایہ ممالک میں مداخلت کیلئے استعمال کرنے کا سلسلہ شرو ع کر رکھا ہے اور اس دوران ملک میں ہزاروں شہری ،سیاسی کارکن اور سیکورٹی افیسران و سپاہی انتہا پسندی ، فرقہ واریت اور دہشتگردی کی بھینٹ چڑھ چکے ہیں۔

(جاری ہے)

جبکہ آزاد جمہوری افغانستان میں لاکھوں عوام کا خون ناحق بہایا گیا ہے اور گزشتہ روز کوئٹہ میں چرچ پر حملہ بھی انہی دہشتگرد کارروائیوں کا تسلسل ہے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک میں دہشتگردی ، مذہبی انتہا پسندی اور فرقہ واریت کے خاتمے کیلئے پروڈکشن آف پاکستان ایکٹ ، فیئر ٹرائل ایکٹ ، ترمیم شدہ انٹی ٹیئررسٹ ایکٹ ، نیشنل ایکشن پلان اور فوجی عدالتوں کی تخلیق کے قوانین بنائے گئے اور شہریوں وعوام کی شہری آزادیاں بنیادی انسانی حقو ق ختم کرکے تمام اختیارات فوج کے حوالے کیئے گئے لیکن اس کے باوجود دہشتگردی کے پے در پے واقعات رونماء ہورہے ہیں اور مذہبی انتہا پسندی ، جنونیت اور فرقہ واریت کی اب کھلم کھلا ریاستی سطح پر سرپرستی وحمایت کی جاری ہے جن میں اسلام آباد کا فیض آباد دھرنا ریاستی اداروں اور ان عناصر کے درمیان رشتے کی ایک واضح مثال ہے ۔

بیان میں کوئٹہ چرچ پر حملے کے دہشتگردانہ واقعہ میں جاں بحق وزخمی ہونیوالوں کے لواحقین سے دلی ہمدردی ویکجہتی کا اظہار کیا ہے ۔

متعلقہ عنوان :