وزیر اعلیٰ بلوچستان کی زرغون روڈ چرچ پر خودکش حملے کی شدید الفاظ میں مذمت

دہشت گردوں نے ایک مرتبہ پھرمعصوم لوگوں کو نشانہ بناکر ثابت کردیا ہے کہ ان کا کوئی مذہب و عقیدہ نہیں، بے گناہ بچوں اور خواتین کو دہشت گردی کا نشانہ بنانیوالے قطعی طور پر انسان کہلانے کے لائق نہیں، نواب ثناء اللہ زہری کا تعزیتی بیان

اتوار 17 دسمبر 2017 22:04

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 دسمبر2017ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے زرغون روڈ چرچ پر خودکش حملہ کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے دھماکے میں قیمتی معصوم جانوں کے نقصان پر دِلی رنج وغم کا اظہار کیا اور واقعہ کی رپورٹ طلب کی، وزیر اعلیٰ نے فوری طور پر آئی جی پولیس اور کمشنر کوئٹہ سے رابطہ کر کے واقعہ کی تفصیلات سے آگاہی حاصل کی، دہشت گردوں نے ایک مرتبہ پھرمعصوم اور نہتے لوگوں کو نشانہ بناکر ثابت کردیا ہے کہ ان کا کوئی مذہب کوئی عقیدہ نہیں، بے گناہ لوگوں، بچوں اور خواتین کو دہشت گردی کا نشانہ بنانے والے قطعی طور پر انسان کہلانے کے لائق نہیں۔

انہوں نے اتوار کو اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ بزدل دہشت گرد آسان اور عوامی جگہوں کو بزدلی سے نشانہ بنا کر اپنے موجودگی کا احساس دلارہے ہیں جنہیں جلد منطقی انجام تک پہنچایا جائیگا ، مسیحی برادری کو نشانہ بنانے کا مقصد انہیں اپنے مذہبی تہوار کرسمس سے روکنا اور خوف و ہراس پھیلانا ہے، اپنی تعلیمات تمام مذاہب کی عبادت گاہوں کے تحفظ کا درس دیتی ہے ،مسیحی برادری کا ملک اور صوبے کی تعمیر وترقی میں ہمیشہ نمایاں کردار ادا کررہا ہے،واقعہ میں جان بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت اور ہمدری کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ زخمیوں کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایاجائے، قانون نافذ کرنے والے اداروں کودہشت گردوں کیخلاف بروقت کاروائی کرنے پر خرج تحسین پیش کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ان کے دلیرانہ اور بروقت کاروائی سے بڑے نقصان سے بچاجاسکا،وزیر اعلیٰ نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی کہ کوئٹہ شہر اور گردونواح کے علاقوں میں حفاظی اقدامات کو مزید سخت اور موثر بنایا جائے، نگرانی کے نظام کو بھی مزید فعال کیا جائے تاکہ دہشت گردوں کو کسی قسم کی کاروائی کا موقع نہ مل سکے۔

(جاری ہے)

،ہمارا مقابلہ ایسے بزدل دشمن سے ہے جو چھپ کر نہتے اور معصوم لوگوں پر وار کرتا ہے اور اس کے نزدیک انسانیت کی کوئی قدر نہیں لہذا سیکیورٹی اداروں کو ہر دم چوکس اور مستعد رہنے کی ضرورت ہے۔

متعلقہ عنوان :