کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ کا سول ہسپتال کوئٹہ کے ٹراما سینٹر کا دورہ ، خودکش دھماکے اور فائرنگ میں زخمی ہونے والے افراد کی عیادت کی

اتوار 17 دسمبر 2017 21:54

کوئٹہ۔ 17دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 دسمبر2017ء) کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے کہا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم متحد ہے، مسیحی برادری کے حوصلے پر فخر ہے۔ جنہوں نے اپنے پیاروں کی قربانی کے باوجود دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑے ہونے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ پولیس اور ایف سی اہلکاروں کی بروقت اور تیز کارروائی نے کئی قیمتی جانوں کو بچایا۔

یہ بات انہوں نے اتوار کو سول ہسپتال کوئٹہ کے ٹراما سینٹر میں مسیحی برداری سے تعلق رکھنے والے معتبرین سے بات چیت کرتے ہوئے کہی ۔کمانڈر سدرن کمانڈلیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے سول ہسپتال کوئٹہ کے ٹراما سینٹر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے کوئٹہ کے زرغون روڈ پر واقع بیتھل میموریل متھڈسٹ چرچ پر ہونے والے خودکش دھماکے اور فائرنگ میں زخمی ہونے والے افراد کی عیادت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر آئی جی ایف سی میجر جنرل ندیم انجم ،سیکٹرکمانڈر ایف سی کوئٹہ برگیڈئیر تصور ،ڈپٹی میئر کوئٹہ محمد یونس بلوچ ،ایم ایس سول ہسپتال ڈاکٹر شاہجہان پانیزئی ودیگر بھی ان کے ہمراہ تھے۔کمانڈر سدرن کمانڈنے فرداً فرداً ہر زخمی کی عیادت کی اور انہیں فراہم کی جانے والی طبی امدا د سے متعلق پوچھا۔ انہوں نے زخمیوں کے علاج معالجے کیلئے ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی بھی یقین دہانی کروائی ۔

کمانڈر سدرن کمانڈ نے جاں بحق ہونے والے افرادکے لواحقین سے تعزیت کی اور ان کے بلند حوصلے کی تعریف کی۔ اس موقع پر مسیحی برادری کے رہنماؤں نے کہا کہ وہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سیکورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ملک کی سلامتی کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ دریں اثناء کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے اتوار کو کوئٹہ کے زرغون روڈ پر واقع بیتھل میموریل میتھڈسٹ چرچ پر دہشتگردوں کے حملے کے جواب میں پولیس اور ایف سی اہلکاروں کی جانب سے برق رفتار کاروائی کرنے اور دہشتگردوں کو ایک حصے میں محدور رکھتے ہوئے بڑے جانی نقصان سے بچانے کی تعریف کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پولیس اور ایف سی کے جوانوں نے پیشہ وارنہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے کئی قیمتی جانوں کو بچایا جس پر اہلکار داد کے مستحق ہیں۔ پولیس اور ایف سی نے فرنٹ لائن فورسز ہونے کے ناتے دہشتگردی کی کاروائی کو ناکام بنانے میں احسن کردار ادا کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :