تعلیمی بجٹ کو 25فیصد تک بڑھایاہے، ڈاکٹر حامد خان اچکزئی

اتوار 17 دسمبر 2017 21:54

کوئٹہ۔ 17دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 دسمبر2017ء) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری صوبائی وزیر منصوبہ بندی وترقیات ڈاکٹر حامد خان اچکزئی نے کہا ہے کہ تعلیم ہر انسان کا بنیادی حق ہے۔ اقوام متحدہ نے تمام دنیا کے ممالک کو پابند کیا ہے کہ وہ پانچ سال سے زائد عمر کے بچوں اور بچیوں کی تعلیم کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائیں ۔

پشتونخوامیپ نے مخلوط حکومت کا حصہ ہوتے ہوئے تعلیم کو اپنی اولین ترجیحات میں رکھ کر تعلیمی بجٹ کو 25فیصد تک بڑھایا،نئے تعلیمی اداروں کے قیام ، سکولوں کی اپ گریڈیشن،انٹروڈگری کالجز ، ریذیڈنشل کالجز ،کیڈٹ کالج چمن، یونیورسٹیوں اور میڈیکل کالجز اور یونیورسٹی کیمپسز کے قیام کو یقینی بناتے ہوئے صوبے میں مادری زبانوں کو نصاب تعلیم میں شامل کیا ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پرانا چمن ہائی سکول میں سالانہ اسناد تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ جس سے پارٹی ضلع قلعہ عبداللہ کے ضلعی ڈپٹی سیکرٹری حاجی جمال اچکزئی ، ڈی او ای چمن میاں عرفان ، ہیڈ ماسٹر طاہر محمود ، دارو خان انجینئر ، حاجی محمد اسلم کاکڑ ، ماسٹر فضل محمد کاکوزئی نے بھی خطاب کیا ۔ مقررین نے کہا کہ پشتونخوامیپ نے موجودہ مخلوط صوبائی حکومت کا حصہ ہوتے ہوئے ہر شعبہ زندگی میں عوام کو درپیش مسائل ومشکلات کی نشاندہی کرتے ہوئے اس کے خاتمے اور حل کیلئے اقدامات کیئے ہیں ۔

ماضی کی حکومتوں کی غلط پالیسیوں اور کرپشن وکمیشن کو اپنی ترجیحا ت میں رکھنے والوں نے صوبے بالخصوص ضلع قلعہ عبداللہ کے تمام عوامی فلاح وبہبود کے اداروں کو مفلوج بنا کر تباہی کے دہانے پرپہنچایا لیکن پشتونخوامیپ اور موجودہ صوبائی حکومت نے ان تمام اداروں کو دوبارہ فعال کرکے اسے عوامی خدمت پر مامور کیا ۔ انہوںنے کہا کہ گزشتہ ساڑھے چار سالہ دور حکومت میں تمام شعبوں میں نمایاں کام کیئے گئے بالخصوص تعلیم کے شعبے میں صرف چمن کے پرانا چمن ، کلی حاجی اللہ نور ، کلی تورزی کاریز، ٹانکی کلی ، ٹانکی کلی سیدال ، رحمان کہول ، شین کاریز، سوئی کاریز، ندا کہول ، ابتو کاریز، اڈہ کہول ، گوری کہول ، گلدارہ باغیچہ ، توئی پہلوان ، کلی جیلانی ادوئی ، کلی باول عشیزئی، کلی محمد رسول قصاب، کلی رنگین ، کلی زمان کہول ، کلی عبدالعلیم پہلوان ، کلی سرور ، کلی ڈایان رشید ،کلی چودی کاریز، کلی انزرگئی کاریز، کلی دوست محمد ، کلی اسلم گلدارہ باغیچہ ، رحمت کالونی کلی ، سبائون سکول ، ایئر پورٹ محلہ سکول ، کلی محمد صدیق ملیزئی ،کلی محمد صدیق ادوزئی ودیگر کلیوں میں تقریباً67کے قریب نئے پرائمری اسکولز تعمیر کیئے گئے ،چمن کیڈٹ کالج کی تعمیر کا کام آخری مراحل میں ہے ،گرلز ہائی سکول سمیت 45سکولوں کی تعمیرومرمت ،دروازے ، کھڑکیاں، فرنیچر، رنگ روغن ، بیت الخلاء ، پانی کے سٹوریج ٹینکرز کی فراہمی اور چار دیواریوں کا کام مکمل کیا گیا۔

، درجن کے قریب سکولوں میں لائبریری اور امتحانی ہال تعمیر کیئے گئے ۔ تقریباً 15سکولوں میں اے سی سی سینٹرز قائم کیئے گئے ، درجنوں پرائمری سکولوں کی اپ گریڈیشن کرکے اسے مڈل اور ہائی سکول کا درجہ دیا گیا ۔ اسی طرح اپ گریڈیشن پانے والے سکولوں میں نئے کمروں کی تعمیر اور ضروری اشیاء کی فراہمی کی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پشتونخوامیپ نے عوامی خزانے کے فنڈز کو عوام ہی پر خرچ کیا ہے اور یہ تمام کام عوام کے سامنے ہیں یہ تمام کام عوام پراحسان نہیں بلکہ ان کا حق ہے۔

پشتونخوامیپ آئندہ بھی اسی جوش وجذبے کے ساتھ مزید عوامی فلاح وبہبود کے خدمات کو سرانجام دیتے ہوئے اپنی کارکردگی کی بنیادپر اپنے غیور عوام کے پاس جائیگی۔ آخر میں بچوں کی سالانہ اسناد کی تقسیم کے موقع پر بہترین کارکردگی دکھانے والے طلباء میں انعامات تقسیم کیئے گئے اور سکول کے ہیڈ ماسٹر طاہر محمو د کی جانب سے صوبائی وزیر ڈاکٹر حامد خان اچکزئی کو پشتون روایتی پگڑی پہنائی گئی۔

متعلقہ عنوان :