لاہور، ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی اپنے انتقال کی جھوٹی خبروں کی تردید

عوام ان افواہوں پر بالکل کان نہ دھریں، میں اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے بالکل صحت مندہوں،محس پاکستان

اتوار 17 دسمبر 2017 21:50

لاہور، ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی اپنے انتقال کی جھوٹی خبروں کی تردید
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 دسمبر2017ء) محسنِ پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے اپنے انتقال کی جھوٹی خبروں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے اپنی صحت یابی کا پیغام پوری قوم کو دیا ہے۔ سوشل میڈیا پر جاری اپنے پیغام میں انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ان افواہوں پر بالکل کان نہ دھریں، وہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے بالکل صحت مند ہیں۔

سوشل میڈیا پر جاری اپنے پیغام میں ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کہا کہ کسی نے انٹرنیٹ اور واٹس ایپ کے ذریعے یہ جھوٹی خبر پھیلا دی ہے کہ میں انتقال کر گیا ہوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے ہنستے ہوئے کہا کہ یہ کسی کی خواہش تو ہو سکتی ہے، کیونکہ ایسے لوگوں کی خواہشیں پوری ہونے لگیں تو پاکستان میں تو کوئی جانور بھی نہ زندہ بچے۔ ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کہا کہ تمام کرم صرف اللہ تعالیٰ کے ہاتھ میں جس کی بدولت میں بالکل ٹھیک ٹھاک اور صحت مند ہوں۔

ان کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ میں تمام لوگوں کا شکر گزار ہوں جو ہمیشہ مجھے اپنی دعاؤں میں یاد رکھتے ہیں، میری ان سے درخواست ہے کہ وہ مجھے ایسے ہی اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں، اللہ تعالیٰ آپ سب کا حامی وناصر ہو۔ میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ آپ سب کو ہر شر اور برائی سے محفوظ رکھے ۔