صوبائی وزیر قانون رانا ثناء الله کی کوئٹہ میں چرچ پر دہشت گردی کے حملے کی شدید مذمت

مسیحی عوام سے اظہار ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار

اتوار 17 دسمبر 2017 21:33

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 دسمبر2017ء) صوبائی وزیر قانون رانا ثناء الله خاں سمیت فیصل آباد تاجروں ،صنعتکاروں اور سیاسی اور مذہبی جماعتوں کے رہنمائوں نے کوئٹہ میں چرچ پر دہشت گردی کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے مسیحی عوام سے اظہار ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا ہے اور اسے اسلام دشمنوں کی ایک اور سازش قرار دیا ۔

صوبائی وزیر قانون رانا ثناء الله خاں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ملک اور اسلام دشمن عناصر پاکستان میں فرقہ واریت اور مذہب کے خلاف حملے کرکے ہمیں انتشار کی طرف لے جانا چاہتے ہیں لیکن قومی یکجہتی سے ایسی سازشوں ناکام بنا دیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ گرجا گھر میں دہشت گردی کی واردات بھی عالمی اور ملکی عیسائی برادری کے اندر اشتعال و انتشار پھیلانے کی کوشش ہے لیکن دہشت گردی کے تمام واقعات اور خصوصی طور پر چرچ پر حملہ کی پر زورمذمت کرتے ہیں اور یقین دلاتے ہیں کہ حکومت پنجاب اقلیتی برادری کی عبادت گاہوں کے تحفظ کے لئے سیکورٹی کے سخت اقدامات پر عمل پیرا ہے اور آئندہ ان حفاظتی انتظامات میں مزید بہتری لائی جائے گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی اقلیتی برادری بھی پاکستانی شہری ہے اور انتشار پھیلانے کی تمام سازشوں کو ناکام بنا نے کے لئے ہمیں پاکستانیت کے اس مضبوط رشتے کو سختی سے تھامنا چاہیے ۔فیصل آبادچیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شبیر حسین چاولہ ،ایگزایکٹوممبرحاجی محمد اصغر ،سابق نائب صدر رانا سکند ر اعظم ،لالہ دلدار حسین ،عمراقبال اوردیگرنے کوئٹہ کے گرجا گھر میں بم دھماکہ کی مذمت کرتے ہوئے اسے اسلام دشمنوں کی ایک اور سازش قرار دیا اور کہا ہے کہ اس کا مقصد ملک کو اندرونی خلفشار کا شکار بناکر اسکی معیشت کو نقصان پہنچانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سیاسی اختلافات کے باوجود مسیحی مسلم بھائی چارہ قائم ہے۔ دشمنوںنے گرجا گھرپر حملہ کر کے پاکستان کے اس مثبت پہلو کو سبوتاژ کرنے کی گھناؤنی سازش کی ہے۔ تاہم مسلمان اور مسیحی مل کراس سازش کو ناکام بنا دیں گے۔ جمعیت علماء اسلام ف کے ضلعی امیر مخدوم زادہ سید محمد زکریا شاہ ، نائب امیر میاں محمد عرفان، شیخ عرفان الٰہی، ڈاکٹر محمد زبیر، محمد یوسف انصاری ودیگر رہنماؤں نے کوئٹہ چرچ حملے میں 8افراد کے جاں بحق اور چالیس افراد کے زخمی ہونے پر شدید غم وغصے کا اظہار کیا ہے۔

جے یوآئی کے رہنماؤں نے کہا کہ کوئٹہ زرعون روڈ حملہ پاکستان میں بسنے والی اقلیتوں پر ہی نہیں بلکہ بیس کروڑ عوام پر کیا گیا ہے۔پاکستان بالخصوص بلوچستان ملک دشمن قوتوں کے نشانہ پر ہے۔ دہشت گردوں نے ہمیشہ سافٹ کارنر کا انتخاب کیا ہے۔ بزدل دہشت گرد بلوچستان کے خلاف سازشیں کرکے سی پیک کے روٹ کو متأثر کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا ترقی کے دشمنوں کو معلوم ہونا چاہیے کہ دہشت گردی کسی کے بھی خلاف ہو پاکستان کے تمام طبقات اس کے خلاف ہیں اور کسی کو پاکستان کی داخلی معاملات میں مداخلت کی اجازت نہیںدیں گے۔

پاکستان ان شاء اللہ قیامت کی صبح تک قائم رہنے کیلئے بنا ہے۔ سی پیک تکمیل تک پہنچے گااور ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی دشمن طاقتیں اپنے بھونڈے ہتھکنڈوں سے پاکستانی قوم کا عزم وحوصلہ متزلزل نہیں کرسکتیں۔ فیصل آباد تاجروں ،صنعتکاروں اور سیاسی اور مذہبی جماعتوں کے رہنمائوںنے اس سانحہ میں ہلاک ہونے والوںکے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کیا اورزخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے بھی دعا کی ہے۔

متعلقہ عنوان :