عوام پاکستان کو سرخرو رکھنے کیلئے جمہوری اقدار اور عوامی حق حاکمیت پر ذمہ داری سے پہرہ دیں،رانا ثناء الله

آئندہ عام انتخاب میں ووٹ کی طاقت کے ذریعے ملک اور مسلم لیگ ( ن ) کے خلاف تمام سازشوں کو ناکام بنا دیں عوامی خدمت کے مشن کے تحت آئندہ بھی حلقے میں جدید ترقیاتی منصوبوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔ ترقیاتی منصوبے اور عوامی خدمت کا یہ معیار کسی پر احسان نہیں بلکہ حلقہ کے عوام کا مجھ پر قرض تھا کیونکہ وہ 1990 ء سے لے کر اب تک مسلسل میرے حق میں فیصلہ کرکے اپنی محبتوں کا اظہار کرتے آئے ہیں، وزیر قانون پنجاب

اتوار 17 دسمبر 2017 21:32

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 دسمبر2017ء) صوبائی وزیر قانون پنجاب رانا ثناء الله خاں نے کہا ہے کہ عوام پاکستان کو سرخرو رکھنے کے لئے جمہوری اقدار اور عوامی حق حاکمیت پر ذمہ داری سے پہرہ دیں اور آئندہ عام انتخاب میں ووٹ کی طاقت کے ذریعے ملک اور پاکستان مسلم لیگ ( ن ) کے خلاف تمام سازشوں کو ناکام بنا دیں،عوامی خدمت کے مشن کے تحت آئندہ بھی حلقے میں جدید ترقیاتی منصوبوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔

ترقیاتی منصوبے اور عوامی خدمت کا یہ معیار کسی پر احسان نہیں بلکہ حلقہ کے عوام کا مجھ پر قرض تھا کیونکہ وہ 1990 ء سے لے کر اب تک مسلسل میرے حق میں فیصلہ کرکے اپنی محبتوں کا اظہار کرتے آئے ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ یہ تمام منصوبے شفافیت اور معیار کے لحاظ سے اپنی مثال آپ ہیں جن کی پائیداری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا گیا انہوں نے سمندری روڈ پر نہر رکھ برانچ پر عوامی سہولت کے لئے نو تعمیر کردہ سٹیلائٹ ٹائون پل کا افتتاح کیا جس کی تکمیل پر ساڑھے تین کروڑ روپے لاگت آئی ہے ۔

(جاری ہے)

اس پل کے چاروں اطراف سلپ روڈز ‘22 سو فٹ سڑک کی بحالی اور 800 فٹ ڈرین کی تعمیر بھی منصوبے کا حصہ تھی ۔ ایکسیئن روڈز عمیر لطیف اور محکمہ کے افسران کے علاوہ یونین کونسل نمبر 101 کے چیئرمین چوہدری ساجد حسین جٹ ‘ وائس چیئرمین چوہدری محمد ارشد گجر‘ چوہدری پرویز جٹ ‘ میاں آصف ‘ نعمان نومی ‘ ارشد صدیقی ‘ بابا محمد بشیر ‘ عتیق الرحمن‘ منور منج و دیگر یونین کونسلز کے چیئرمین / وائس چیئرمین ‘ کونسلرز اور مسلم لیگی کارکن بڑی تعداد میں اس موقع پر موجود تھے ۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر قانون رانا ثناء الله خاں نے کہا کہ نہر رکھ برانچ پر سمن آباد اور عبدالله پل کے درمیان سٹیلائٹ ٹائون کے قریب ملحقہ آبادیوں کے مکینوں کے گزرنے کے لئے اس پل کی بے حد ضرورت کے پیش نظر سٹیلائٹ ٹائون پل کی تعمیر کا یہ ترقیاتی منصوبہ مکمل کیا گیا ہے ۔ انہوں نے سمندری روڈ کو کینال ایکسپریس وے اور موٹر وے تک سگنل فری بنانے کے سلسلے میں حکومت پنجاب کے ترقیاتی اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اب نائولٹی پل اورکشمیر پل کے قریب انڈر پاسزبھی تعمیر کئے جائیں گے جبکہ عبدالله پل سے سمن آباد پل تک سروس روڈ کی تعمیر بھی دو ماہ میں مکمل کر لی جائے گی جو کہ شہری اور علاقائی ترقی میں بہت بڑا انقلابی قدم ہے ۔

قبل ازیں خطاب کرتے ہوئے یونین کونسل 101 کے چیئرمین چوہدری ساجد حسین جٹ اور وائس چیئرمین ارشد گجر نے سٹیلائٹ پل کی تعمیر اور حلقہ میں دیگر لاتعداد ترقیاتی منصوبے مکمل کرنے پر صوبائی وزیر قانون رانا ثناء الله خاں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ حلقہ کے عوام کے دل ان کے ساتھ دھڑکے ہیں اور وہ ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑے رہیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ مخالفین جتنی بھی سازشیں کر لیں وہ رانا ثناء الله خاں سے گہری محبت کو ان کے دلوں سے نہیں نکال سکتے ۔