صوبائی حکومت عوام کو سہولیات ان کی دہلیز پر پہنچا رہی ہے ، ان کو صحت، تعلیم و روزگار کے بہترین مواقع مل رہے ہیں،صوبائی وزیر تعلیم

اتوار 17 دسمبر 2017 21:31

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 دسمبر2017ء) صوبائی وزیر تعلیم و توانائی محمد عاطف خان نے کہاہے کہ موجودہ صوبائی حکومت عوام کو سہولیات ان کی دہلیز پر پہنچا رہی ہے ، ان کو صحت، تعلیم اور روزگار کے بہترین مواقع مل رہے ہیں جو کہ پاکستان تحریک انصاف کی کامیابیوں کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔ وہ اتوار کو یونین کونسل گڑیالہ پی کے 30مردان کی تنظیم سے اپنی رہائش گاہ پر بات چیت کررہے تھے ۔

محمد عاطف خان نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف اس وقت تنظیمی لحاظ سے ملک کی سب سے بڑی پارٹی ہے اور بہترین قیادت اور کامیاب پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان تحریک انصاف کی مقبولیت میں بے انتہا اضافہ ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت اداروں میں اصلاحات کیساتھ ساتھ ترقیاتی کاموں پر بھی خصوصی توجہ دے رہی ہے اور اس ضمن میں حلقہ پی کے 30میں ریکارڈ ترقیاتی کام ہوچکے ہیں جن میں سڑکوں کی تعمیر ، گلی کوچوں کی مرمت، بجلی کانظام، سولرائزیشن، جمنازیم اور دیگر کام شامل ہیں، جبکہ سکولوں کی اپ گریڈیشن، نئے سکولوں کی تعمیراورسکولوں میں باقی ماندہ سہولیا ت پر بھی اربوں روپے خرچ کئے جاچکے ہیںجبکہ میرٹ کی بالادستی اور سربلندی کیلئے 37ہزار اساتذہ نہ صرف میرٹ پر بھرتی کئے گئے بلکہ ان کو مستقل بھی کیا گیا۔

(جاری ہے)

ان اساتذہ کرام کی بھرتی سے سکولوں کی کارکردگی میں نمایاں فرق آیا ہے جبکہ مزید 17ہزار اساتذہ بھی بھرتی کئے جارہے ہیں جس سے سکولوں میں اساتذہ کی کمی کافی حد تک پوری ہوجائیگی۔ محمد عاطف خان نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت لڑکیوں کی تعلیم پر بھی خصوصی توجہ دے رہی ہے ۔ ایکول فاطمہ الفھری سکول اینڈ کالج ، گرلز کیڈٹ کالج مردان اور ویمن یونیورسٹی مردان اس ضمن میں اٹھائے گئے اقدامات کا واضح ثبوت ہے جس سے یہاں کی لڑکیوں کو تعلیم کی بہترین سہولیات انکے آبائی شہر میں ملے گی۔

جبکہ بہترین تعلیم کے حصول کیلئے دیگر شہروں اور صوبوں کی لڑکیاں بھی یہاں تعلیم کے حصول کیلئے رخ کررہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام ترقیاتی کاموں میں اعلیٰ میٹریل استعمال ہورہا ہے اور تمام ٹھیکے ای ٹینڈر کے ذریعے میرٹ پر دئیے جارہے ہیں جبکہ پرانے وقتوں میں اپنے لوگوں کو نوازنے کیلئے ٹھیکے دئیے جاتے تھے۔

متعلقہ عنوان :