دیر بالا کوتعلیمی حب بنائیں گے ،یہاں پر ہر بچے کے ہاتھ میں قلم و کتاب دینے کا عزم کر رکھا ہے،صوبائی وزیر عنایت اللہ خان

اتوار 17 دسمبر 2017 21:30

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 دسمبر2017ء)سینئر وزیر بلدیات و دیہی ترقی خیبرپختونخوا وپارلیمانی لیڈر جماعت اسلامی عنایت اللہ خان نے کہا ہے کہ دیر بالا کوتعلیمی حب بنائیں گے ،یہاں پر ہر بچے کے ہاتھ میں قلم و کتاب دینے کا عزم کر رکھا ہے ، تعلیم ہمارے ترجیح اومیں ہے اور سب سے زیادہ تعلیم کے شعبے پر خرچ کر رہے ہیں ۔ہمارا یقین ہے کہ تعلیم پر خرچ خرچ نہیں مستقبل کی سرمایہ کاری ہے ۔

جماعت اسلامی کا ایجنڈا پاکستا ن کو کرپشن فری فلاحی و اسلامی ریاست بنانا ہے جہا ں عام آدمی کو بھی تعلیم ، صحت اور زندگی گزارنے کی وہی سہولتیں حاصل ہوں گی جو حکمرانوں کو حاصل ہیں ، ملک اور قوم کو بحرانوں سے نکالنے اور مسائل سے نجات کے لیے بڑے وژن اور عزم کے ساتھ سب کو مل کر جدو جہد کر نے کی ضرورت ہے ۔

(جاری ہے)

وہ اتوار کو 22 کروڑ روپے کی لاگت سے داروڑہ ڈگری کالج کے افتتاح کے موقع پر تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔

تقریب سے قومی اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر صاحبزادہ طارق اللہ ، امیر جماعت اسلامی ضلع دیر بالا حنیف اللہ خان ایڈووکیٹ اور دیگر قائدین نے بھی خطا ب کیا ۔ عنایت اللہ خان نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ملک کے اندر سے کرپشن ختم کر دی جائے تو ہم کئی یونیورسٹیاں اور تعلیمی ادارے قائم کر سکتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ خلوصِ نیت ،محنت ،جذبے اور لگن کی ضرورت ہے۔

حالات تبدیل ہو سکتے ہیں جب اہل ِ علم و دانش زندہ اور بیدار ہوں تو مایوس ہونے کی ضرورت نہیں ۔انہوںنے کہاکہ گزشتہ پانچ سالوں میں دیر میں تعلیمی اداروں کا جال بچھا دیا ہے اور اس وقت ہر یو سی میں کالج قائم ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ دیر میں انجینئر نگ یونیورسٹی اور میڈیکل کالج کا قیام ہمار ا خواب تھا جس کو حقیقی شکل دی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ ایک تعلیم یافتہ دیر کے لیے ہماری جدوجہد جاری رہے گی ۔