آزاد عدلیہ ملک میں قانون کی بالادستی کے لیے ضروری ہے، ڈاکٹر سید وسیم اختر

اتوار 17 دسمبر 2017 21:01

بہاولپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 دسمبر2017ء) جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر پنجاب اسمبلی ڈاکٹر سید وسیم اختر نے کہاہے کہ آزاد عدلیہ ملک میں قانون کی بالادستی کے لیے ضروری ہے۔ غلامی کی زنجیروں میں جکڑی ہوئی سیاست اور جمہوریت کی وجہ سے ملک ترقی کر رہاہے نہ عام آدمی کے مسائل کا کوئی حل نظر آتاہے۔ عوام کو تماشائی بننے کی بجائے انقلاب کا ساتھ دینا ہوگا۔

ملک نظریاتی بنیادوں کی کمزوری کی وجہ سے منزل کھو چکاہے اسے دوبارہ درست ٹریک پر لانے کے لیے نظریاتی لوگوں کو مضبوط ہونا ہوگا۔ ہم کرپشن سے پاک صا ف ستھرے کردار کے لوگوں کو ایک پلیٹ فارم پر لانا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سیاست افراد کے مفاد کے تابع ہے ہم اس نظام کو بدلنے کی جدوجہد کر رہے ہیں تاکہ سیاست اور جمہوریت کو خاندانوں اور افراد کی غلامی سے نکال کر قومی مفادات کے تابع کیا جاسکے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ جمہوریت کا راگ الاپنے والی پارٹیوں کے خود اپنے اندر جمہوریت نام کی کوئی چیز نہیں اور سیاسی جماعتیں محض خاندانی پراپرٹی بن کر رہ گئی ہیں۔ انہوںنے کہاکہ اگر سیاسی جماعتوں میں اہلیت اور کردار کو پرکھنے کا کوئی نظام ہوتا تو آج اقتدار کے ایوان لٹیروں کے نرغے میں نہ ہوتے۔ انہوںنے کہاکہ دولت کے بل بوتے پر الیکشن کے پورے نظام کو یرغمال بنانے والے عوام کی خدمت کے لیے نہیں اپنی لوٹ مار کے لیے ایوانوں میں سرمائے کے زور پر پہنچتے ہیں۔ انہوں نے مذید کہاکہ عدالتوں کے فیصلوں کو تنقید کا نشانہ بنانے والے دراصل ملک میں آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی کی راہ روکنا چاہتے ہیں۔ عدلیہ کی آزادی کسی کو ایک آنکھ نہیں بھاتی۔

متعلقہ عنوان :