ملک میں کر پشن اور بدامنی کے خاتمہ کیلئے نظام عدل کومضبو ط اور اسلامی اصولوں کے مطابق ڈھالا جائے،صاحبزادہ عبدالقدیر اعوان

اتوار 17 دسمبر 2017 20:43

چکوال۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 دسمبر2017ء) تنظیم الااخوان کے سربراہ صاحبزادہ عبدالقدیر اعوان نے کہا ہے کہ ملک میں کر پشن اور بدامنی کے خاتمہ کیلئے ضروری ہے کہ ملک میں جاری نظام عدل مضبو ط اور اسلامی اصولوں کے مطابق ڈھالا جائے، ہمیں محبت کے زبانی دعوںسے نکل کر عملی طور پر نبی کریم ﷺ کی اتباع میں آنا ہو گا ۔ان خیالات کا اظہارانہوںنے ناصر باغ لاہور میں بعثت رحمت عالم کے موضوع پر جلسہٴ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

امیرعبدالقدیر اعوان نے کہاکہ پاکستان مسلمانوں کا ملک ہے اور ہمیں بحیثیت مسلمان اور بحیثیت قوم اپنا کردار ادا کرنا ہو گا تاکہ ہم مثال پیش کر سکیں کہ مسلمان ایسے ہوتے ہیں اور قومی حمیت کی بقا کے نتائج وقتی نہ ہوں بلکہ ان میںاِستحکام ہو ۔

(جاری ہے)

ہمیں جماعتی یا ذاتی حیثیت سے بالا ہو کر ملک کی بہتری کیلئے سوچنا ہو گا ۔انہوں نے کہاکہ ہمیں ذات سے بالا ترہوکر سوچنے کی ضرورت ہے تاکہ ملک میں بھائی چارے اور اخوت کی فضا کو فروغ دیا جاسکے۔

انہوں نے بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالخلافہ قرار دینے پر اسکی شدید مذمت کی ۔ اس جلسہ عام میں زندگی کے ہر شعبہ سے تعلق رکھنے والے خواتین وحضرات نے شرکت کی ۔ سیاسی وسماجی شخصیات کے ساتھ ساتھ جلسے میں عبدالقیوم سومرو، ماجد ظہور ایم پی اے،مرکزی سیکرٹری نشر واشاعت امجد محمود اعوان، جنرل سیکرٹری پنجاب عبدالماجد اعوان، سیکرٹری نشرواشاعت ملک ثاقب اشرف ، رحمت الله ملک، تاج محمود چشتی اور دیگر عہدیداروں وکارکنوں ، سالکین خواتین وحضرات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔