چرچ پر خودکش حملہ قابل مذمت ہے ، دہشتگردوں نے عیسائی برادری پر حملہ کرکے بزدلی کا ثبوت دیا ہے ،ڈپٹی میئر کوئٹہ محمد یونس بلوچ

اتوار 17 دسمبر 2017 20:32

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 دسمبر2017ء) ڈپٹی میئر کوئٹہ محمد یونس بلوچ نے امداد چوک کیساتھ چرچ پر خود کش دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگردوں نے کوئٹہ کے معصوم عیسائی برادری پر حملہ کرکے بزدلی کا ثبوت دیا ہے ہم اپنے اقلیتی بھائیوں اور بہنوں کیساتھ ہیں ۔ انہوں نے ایف سی ، پولیس کے سپاہیوں اور آفیسران کی جرات کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ انکی کوششوں سے چرچ بڑے نقصان سے بچ گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مسیحی برادری کو ایف سی اور پولیس کے ساتھ تعاون کرنے پر خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ سانحہ کے بعد سول ہسپتال کے ایم ایس، ڈاکٹرز اور سرجن فزیشن نے بروقت علاج و معالجے کی سہولیات فراہم کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جس پر وہ شاباش کے مستحق ہیں۔ ڈپٹی میئر کوئٹہ نے ایدھی چوک پر پہنچ کر احتجاجی مظاہرہ کرنیوالے مسیحی برادری کا احتجاج ختم کرایا اور یقین دہانی کرائی کہ میں وزیراعلیٰ بلوچستان کی ہدایت پر پہنچا ہوں اور مسیحی بھائیوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائیگااور سانحہ میں زخمی ہونیوالے افراد کا مناسب علاج کرایا جائیگا ۔ مسیحی برادری نے ڈپٹی میئر کوئٹہ سے مذاکرات کرنے کے بعد اپنا احتجاج ختم کرایا۔