تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی ترقیاتی وسائل اور سماجی خدمات کے معیار کو بری طرح متاثر کرتی ہے،ساجدہ مشتاق

اتوار 17 دسمبر 2017 20:17

حافظ آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 دسمبر2017ء)ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر حافظ آباد ساجدہ مشتاق نے کہا ہے کہ تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی ترقیاتی وسائل اور سماجی خدمات کے معیار کو بری طرح متاثر کرتی ہے اور بالخصوص پاکستان جیسے ترقی پذیر ملک میں آبادی میں بے ہنگم اور بلا سوچے سمجھے اضافہ غربت ،بے روزگاری ،سماجی بے چینی ،جرائم اور دیگر سنگین مسائل کی بنیادی وجوہات میں سے ایک اہم وجہ ہے ۔

انہوں نے کہا کہ وسائل کے مطابق خاندان میں اضافہ کے حوالہ سے معاشرتی شعور و آگہی میں میڈیا بڑا مثبت تعمیری اور نتیجہ خیز کردار ادا کر سکتا ہے اور پرنٹ ،الیکٹرانک میڈیا سے وابستہ نمائیندگان کا بھی قومی فرض ہے کہ وہ شرح آبادی کے موثر کنٹرول کے لیے کی جانے والی کوششوں کی کامیابی میں اپنا کردار ادا کریں۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے ان خیالات کاا ظہار اپنے دفتر میں دی جانے والی ایک میڈیا بریفنگ کے دوران کیا جسمیں نو منتخب چیئرمین پریس کلب چودھری امجد پرویز چٹھہ ، جنرل سیکرٹری حافظ محمد عزیز الرحمن ،دیگر عہدہ دار اور بزرگ صحافی رانا یوسف وحید، نے شرکت کی ۔

ڈی او پاپولیشن ویلفیئر نے کہا کہ اگرچہ مسلسل اقدامات کی بدولت آبادی کی شرح اضافہ میں خاطر خواہ کمی آئی ہے ۔تاہم ابھی بھی اس کو مزید کم کرنے کی اشد ضرورت ہے تاکہ وسائل اور آبادی میں خوشگوار توازن قائم ہو اور ہر پاکستانی کو جدید زندگی کی تمام بنیادی سہولیات بشمول معیاری تعلیم ،میڈیکل سروسز اور دیگر سماجی خدمات اس کے گھر کی دہلیز پر بھی مل سکیں۔